کراچی : پاکستان ٹی پلس سیٹلمنٹ سسٹم نافذ کرنے والا دنیا کا ساتواں ملک بن گیا، ٹی پلس ون کے نفاذ سے اسٹاک مارکیٹ جدید عالمی مارکیٹوں کے ہم پلہ ہو گئی.
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں لین دین کے لیے ٹی پلس ون (T+1) سیٹلمنٹ سسٹم مؤثر طور پر نافذ کر دیا گیا ہے، جس کے بعد پاکستان یہ نظام اپنانے والا دنیا کا ساتواں ملک بن گیا ہے۔
حکام نے بتایا کہ 9 فروری کو ہونے والے سودوں کو 10 فروری کو کامیابی کے ساتھ سیٹل کر دیا گیا، جو نئے نظام کے تحت پہلی باقاعدہ سیٹلمنٹ تھی۔
ٹی پلس ون سیٹلمنٹ کے تحت شیئرز کی خرید و فروخت کے سودے ایک کاروباری دن بعد مکمل کیے جاتے ہیں، جس سے سرمایہ کاروں کو تیز تر اور مؤثر لین دین کی سہولت ملتی ہے۔
چیئرمین سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) ڈاکٹر کبیر سدھو نے اس پیش رفت کو ملکی کیپٹل مارکیٹ کے لیے اہم سنگِ میل قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹی پلس ون سیٹلمنٹ سسٹم کے نفاذ سے پاکستان اسٹاک مارکیٹ جدید عالمی منڈیوں کے ہم پلہ ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ نظام مارکیٹ میں شفافیت، کارکردگی اور رسک مینجمنٹ کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ڈاکٹر کبیر سدھو کے مطابق ٹی پلس ون سیٹلمنٹ سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔
ماہرین کے مطابق کم مدت میں سیٹلمنٹ سے لیکویڈیٹی بہتر ہوگی اور مارکیٹ میں سرمایہ کی گردش تیز ہوگی، جس سے مجموعی مالیاتی نظام کو استحکام ملے گا۔
انجم وہاب اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں اور تجارت، صنعت و حرفت اور دیگر کاروباری خبریں دیتے ہیں


