بدھ, مئی 20, 2026
اشتہار

پاکستان کا اسٹریٹجک لمحہ: جغرافیہ سے آگے بڑھ کر عدم استحکام کا نظم

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان ایک ایسے نازک مگر فیصلہ کن مرحلے پر ہے جسے آسانی سے غلط سمجھا جا سکتا ہے۔ ہمارے وسیع تر خطّے میں ایک بار پھر عدم استحکام کی فضا ہے۔ خلیجی خطّے میں توانائی کا بحران، سپلائی چینز کی کمزوری، اور یہ بڑھتے ہوئے خدشات کہ اہم گزر گاہیں جیسے آبنائے ہرمز بھی اب مکمل طور پر محفوظ نہیں رہیں۔ بہت سے ممالک کے لیے یہ صورتحال احتیاط یا جمود کا تقاضا کرتی ہے، مگر پاکستان کے لیے یہ واضح سمت اور حکمتِ عملی کا تقاضا ہے۔

یہ صورتحال محض جغرافیائی کشیدگی کا ایک اور دور نہیں بلکہ ایک گہری ساختی تبدیلی کی عکاس ہے، جہاں جغرافیہ ایک بار پھر عالمی طاقت کے مرکز میں آ رہا ہے۔ راستے، قربت اور رابطہ کاری اب پہلے سے زیادہ اہم ہو چکے ہیں۔ ایسے ماحول میں برتری ان ممالک کو حاصل ہوگی جو محض بیانات نہیں بلکہ عملی سہولت فراہم کریں گے۔ یعنی وہ ریاستیں جو بحران کے دوران بھی تجارت، توانائی اور نظام کو رواں دواں رکھ سکیں، وہی ریاستیں غیرمعمولی اثر و رسوخ حاصل کریں گی۔

پاکستان اس نئے عالمی منظرنامے میں ایک منفرد جغرافیائی حیثیت کا حامل ہے۔ یہ جنوبی ایشیا، خلیجی خطّے، وسطی ایشیا اور مغربی چین کے سنگم پر واقع ہے، ایسی پوزیشن جو اب حاشیے پر نہیں بلکہ مرکز میں ہے۔ تاہم، محض جغرافیہ خودبخود طاقت میں تبدیل نہیں ہوتا۔ اصل سوال یہ ہے کہ کیا پاکستان اپنی اس جغرافیائی اہمیت کو ایک دیرپا اسٹریٹجک حیثیت میں ڈھال سکتا ہے؟

ماضی میں غیرمستحکم ماحول رکھنے والے ممالک نے اکثر موقع پرستی کو ترجیح دی۔ یعنی بحران سے وقتی فائدہ اٹھانا۔ مگر یہ حکمت عملی سطحی ہوتی ہے، اعتماد کو مجروح کرتی ہے اور سرمایہ کاری کو روکتی ہے۔ سب سے بڑھ کر، یہ کسی ملک کی اہمیت کو عدم استحکام سے وابستہ کر دیتی ہے، جو ایک کمزور بنیاد ہے۔ پاکستان کو اس روش سے گریز کرنا ہوگا۔ اسے ایک زیادہ ذمہ دارانہ کردار اپنانا ہوگا، یعنی ”عدم استحکام کا منتظم“ بننا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ بحران کو بڑھانے کے بجائے اسے سنبھالنا، رکاوٹوں سے فائدہ اٹھانے کے بجائے راستے ہموار کرنا، اور ایسا نظام قائم کرنا جو ہر صورتحال میں کارآمد رہے۔ یہ ردِ عمل سے آگے بڑھ کر حالات کو منظم کرنے کا عمل ہے۔

اس حکمتِ عملی کی بنیادیں پہلے سے موجود ہیں، مگر ابھی مکمل طور پر ترقی یافتہ نہیں۔ مثال کے طور پر پاکستان کے تین بڑے بندر گاہی مراکز، کراچی، پورٹ قاسم اور گوادر اکثر الگ الگ اکائیوں کے طور پر دیکھے جاتے ہیں، جب کہ ان کی اصل طاقت ان کے باہمی ربط میں ہے۔ اگر ان بندرگاہوں کو ایک مربوط نظام میں تبدیل کیا جائے تو یہ ایک مضبوط اور لچکدار نیٹ ورک بن سکتے ہیں، جو خطے میں تجارتی دباؤ کے وقت متبادل راستہ فراہم کرے۔ ایسے دور میں جہاں عدم استحکام مستقل ہو چکا ہے، متبادل تجارتی راہداری فراہم کرنا محض کاروباری نہیں بلکہ اسٹریٹجک اہمیت رکھتا ہے۔ تاہم، صرف بندرگاہیں کافی نہیں اصل قوّت رابطہ کاری میں ہے۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کا تصور محض انفراسٹرکچر تک محدود نہیں تھا، مگر ابھی تک یہ ایک مکمل معاشی نظام میں تبدیل نہیں ہو سکا۔ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستان محض گزر گاہ نہ رہے بلکہ ایک ”کوریڈور ریاست“ بنے، جہاں صنعتی سرگرمیاں، عالمی معیار کی خدمات اور علاقائی انضمام کے ذریعے حقیقی معاشی قدر پیدا ہو۔

یہ تبدیلی صرف سڑکوں اور پلوں سے نہیں آئے گی بلکہ مؤثر حکمرانی سے آئے گی۔ تیز رفتار کسٹمز، شفاف قوانین، اور ایسا لاجسٹکس نظام جو بغیر کسی رکاوٹ کے کام کرے۔ جہاں لاجسٹکس پاکستان کی بیرونی اہمیت کا تعین کرتی ہے، وہیں توانائی اس کی اندرونی مضبوطی کا پیمانہ ہے۔ کوئی بھی ملک علاقائی استحکام کا دعویدار نہیں بن سکتا جب تک وہ خود توانائی کے بحران کا شکار نہ ہو۔ پاکستان کی درآمدی توانائی پر انحصار، قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور مقامی وسائل کی کمی اس کی خود مختاری کو محدود کرتی ہے۔

ایسے میں ایران- پاکستان گیس پائپ لائن جیسے منصوبے صرف توانائی کے لیے نہیں یہ بلکہ اسٹریٹجک فیصلے ہیں۔ یہ پاکستان کو ایک مشکل توازن قائم کرنے پر مجبور کرتے ہیں، ایک طرف طویل المدتی اقتصادی ضرورت اور دوسری طرف عالمی دباؤ۔ یہی وہ مقام ہے جہاں اسٹریٹجک بلوغت درکار ہے۔ پابندیوں، مالی خطرات اور سفارتی حساسیتوں کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا، مگر انہیں بنیاد بنا کر ضروری فیصلوں کو مؤخر بھی نہیں کیا جا سکتا۔ اصل چیلنج ان تمام عوامل کے درمیان متوازن راستہ اختیار کرنا ہے۔

پاکستان کی خارجہ پالیسی میں بھی یہی اصول کارفرما ہونا چاہیے۔ ایک تقسیم شدہ دنیا میں کسی ایک بلاک کے ساتھ مکمل وابستگی کو اکثر حکمت عملی سمجھ لیا جاتا ہے، مگر پاکستان کی اصل طاقت توازن میں ہے۔ ایران اور خلیجی ممالک کے ساتھ تعلقات، چین کے ساتھ اقتصادی شراکت داری، اور امریکہ سمیت مغربی دنیا کے ساتھ روابط،یہ سب بیک وقت ممکن ہیں۔ یہ کوئی ابہام نہیں بلکہ ایک متوازن حکمت عملی ہے جو پاکستان کو مختلف نظاموں کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرنے کے قابل بناتی ہے۔

تاہم، ان تمام منصوبوں کی کام یابی کا دارومدار عمل درآمد پر ہے۔ صرف حکمت عملی کافی نہیں، اس کا مؤثر نفاذ ضروری ہے۔ پاکستان کو ایک قابلِ اعتماد جیو اکنامک مرکز بننے کے لیے تین بنیادی اصولوں کو اپنانا ہوگا: تسلسل، ردِعمل کی صلاحیت، اور اعتبار۔ پالیسیاں سیاسی تبدیلیوں سے متاثر نہ ہوں، قوانین سرمایہ کاروں کے لیے قابلِ بھروسہ ہوں، اور انفراسٹرکچر ہر صورتحال میں فعال رہے۔

آج کی غیر یقینی دنیا میں ”قابلِ اعتماد ہونا“ خود ایک طاقت ہے۔ جو ممالک یہ صلاحیت رکھتے ہیں وہی اہمیت اختیار کریں گے، جب کہ باقی پیچھے رہ جائیں گے، چاہے ان کی جغرافیائی حیثیت کتنی ہی اہم کیوں نہ ہو۔

یقیناً پاکستان کو کئی چیلنجز درپیش ہیں—پابندیاں، ادارہ جاتی کمزوریاں، اور سیکیورٹی مسائل— مگر یہی وہ رکاوٹیں ہیں جنہیں عبور کرنا ضروری ہے۔ اصل خطرہ کوشش کرنے میں نہیں بلکہ کم پر اکتفا کرنے میں ہے۔

ابھرتی ہوئی عالمی ترتیب صرف طاقتور ممالک نہیں بلکہ سہولت فراہم کرنے والے ممالک بھی تشکیل دیں گے— وہ جو بحران میں بھی نظام کو چلتے رکھیں۔ پاکستان میں یہ صلاحیت موجود ہے، بشرطیکہ وہ خود کو تنازعات کے اندر نہیں بلکہ ان کے اردگرد ایک مستحکم قوت کے طور پر پیش کرے۔

یہ پاکستان کا فیصلہ کن لمحہ ہے— سوال یہ ہے کہ کیا وہ اسے محض دیکھتا رہے گا، یا اپنی سمت خود متعین کرے گا۔

سید خاور مہدی
+ posts

اہم ترین

مزید خبریں