راولپنڈی: پاک فضائیہ نے پاک افغان سرحدی علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 26 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا اور اہم ٹھکانے تباہ کردیے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے ٹویٹر پر جاری بیان میں کہا کہ پاک فضائیہ نے پاک افغان سرحدی علاقوں میں انٹیلی جنس معلومات پر مبنی ایک انتہائی کامیاب کارروائی کی ہے، جس کے نتیجے میں "فتنہ الخوارج” کے 26 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اس ٹارگٹڈ کارروائی میں موسیٰ درہ، شمالی وزیرستان اور بنوں میں ہونے والے حالیہ دہشت گردانہ حملوں کے ماسٹر مائنڈز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے اہم کمانڈرز علیم خان خوشالی اور اختر محمد جانی خیل کے ٹھکانوں اور تربیتی مراکز کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے۔
پاک فضائیہ کے اس آپریشن میں سرحدی پٹی پر واقع خوارج کے 4 اہم ترین ٹھکانے اور ان کے بڑے اسلحہ ڈپو ملبے کا ڈھیر بنا دیے گئے ہیں۔
عطاء اللہ تارڑ نے مزید بتایا کہ ہلاک ہونے والے ان خوارج کو براہِ راست بھارتی سرپرستی حاصل تھی اور یہ ملک میں غیر ملکی فنڈنگ کے ذریعے بدامنی پھیلانے میں مصروف تھے۔
انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور وژن عزمِ استحکام کے تحت پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس غیر ملکی فنڈڈ دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ کر کے دم لیں گے۔


