وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پاکستان کی کامیابی کی مثال دیگر ممالک کیلئے پیش کررہا ہے، مہنگائی کی شرح کم ہوگئی۔
ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اس وقت ڈیووس میں موجود ہیں، وزیراعظم نے پاکستان پویلین میں پاکستان بریک فاسٹ میں شرکت کی اور خطاب میں کہا کہ پاکستان ایک مقصد کےساتھ کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے، پاکستان کے معاشی اشاریے بہت تسلی بخش ہیں۔
شہبازشریف نے کہا کہ مہنگائی کی شرح 30 فیصد سے کم ہوکر 5.5 فیصد ہوگئی ہے، پالیسی ریٹ انتہائی بلند سطح 22.5 فیصد سے کم ہوکر 10.5 فیصد ہوگیا، ہمارا ٹیکس کلیکشن ٹو جی ڈی پی کا تناسب 10.5 فیصد ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل ہمار اٹیکس کلیکشن ٹو جی ڈی پی کا تناسب 9 فیصد تھا، گزشتہ سال ہماری زرعی برآمدات بہت تسلی بخش رہی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ایم ڈی آئی ایم ایف سے شعبہ جاتی اصلاحات، نجکاری پر بات کرینگے، یوٹیلیٹی اسٹورز میں عام آدمی کو غیرمعیاری اشیافراہم کی جاتی تھیں، یوٹیلیٹی اسٹورز کو مکمل بند کردیا گیا، مالی خون ریزی تقریباً ہمیشہ کیلئے ختم ہوگئی۔
پاکستان کے غریب عوام کے اربوں روپے ضائع ہورہے تھے، پاسکو کو بھی ختم کردیا گیا جہاں غریب کے اربوں روپے ضائع ہورہے تھے، پاکستان ورکس ڈپارٹمنٹ کو بھی ختم کردیا گیا۔
شہبازشریف نے کہا کہ مشکلات پیش آئیں، مفاد پرستوں کی جانب سے دباؤ بھی آیا، کامیابیاں مشترکہ محنت اور ٹیم ورک سے حاصل ہوئیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ سیاسی اور عسکری قیادت میں مکمل ہم آہنگی ہے، ہمیں اندرونی اوربیرونی قرضوں سے نکلنا ہے، کان کنی اور معدنیات کے کاروبار میں بڑے پیمانے پر داخل ہوچکے ہیں، امریکی اور چینی کمپنیوں سے معاہدے کیے، مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کررکھے ہیں۔
ایم ڈی آئی ایم ایف نے پاکستان کی معاشی اصلاحات کی تعریف کر دی
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


