لاہور(9 اکتوبر 2026): ہانگ کانگ سکسز ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے، جس میں عباس آفریدی کو ایک بار پھر قومی ٹیم کا کپتان برقرار رکھا گیا ہے۔
تین روزہ یہ دلچسپ ٹورنامنٹ 30 اکتوبر سے یکم نومبر تک کھیلا جائے گا، جس میں دنیا بھر سے 12 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ ان تمام ٹیموں کو چار مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، اور پاکستان کو گروپ سی میں جگہ دی گئی ہے۔
ٹورنامنٹ کے لیے قومی ٹیم کے مینجر کے فرائض رضا کچلو انجام دیں گے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ میں کپتان عباس آفریدی کے علاوہ عبدالصمد، احمد دانیال، محمد عرفان خان، خواجہ نافع، محمد شہزاد اور سعد مسعود شامل ہیں۔ قومی اسکواڈ ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے 28 اکتوبر کو ہانگ کانگ روانہ ہوگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس کھیلے جانے والے ہانگ کانگ سکسز ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کیا تھا، اور اس بار بھی گرین شرٹس اسی کامیابی کو دہرانے کے عزم کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔


