پیر, اگست 17, 2026
اشتہار

آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کو مسلسل دوسری شکست

اشتہار

حیرت انگیز

برمنگھم(18 جون 2026): آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کو ایونٹ میں مسلسل دوسری ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے، جہاں ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقا نے پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔

برمنگھم میں کھیلے گئے اس میچ میں جنوبی افریقی ٹیم نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستانی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنا سکی۔ کپتان فاطمہ ثنا کے علاوہ پاکستان کی کوئی بھی بیٹر حریف بولرز کا جم کر مقابلہ نہ کر سکی۔

فاطمہ ثنا نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 38 گیندوں پر 55 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 6 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ طوبیٰ حسن 23 رنز کے ساتھ دوسری نمایاں بیٹر رہیں۔ میچ کے دوران پاکستانی بیٹرز کی وکٹوں کے درمیان دوڑ انتہائی ناقص رہی اور ٹیم کی 4 کھلاڑی رن آؤٹ ہوئیں۔

جوابی اننگز میں 127 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بولرز نے عمدہ آغاز کیا اور جنوبی افریقی بیٹرز کو وقفے وقفے سے پویلین کی راہ دکھائی۔ ایک مرحلے پر جنوبی افریقا کی ٹیم شدید مشکلات سے دوچار تھی اور اس کے 107 رنز پر 6 کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے، تاہم ڈرکسین کے 52 اور ڈی کلرک کے 37 رنز نے اپنی ٹیم کو سنبھالا دیا اور فتح کی راہ پر گامزن کیا۔

جنوبی افریقا نے یہ ہدف 17ویں اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ پاکستان کی جانب سے کپتان فاطمہ ثنا نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ سعدیہ اقبال اور طوبیٰ حسن نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اپنے پہلے میچ میں پاکستان ویمنز ٹیم کو روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں 64 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ پاکستان ٹیم ٹورنامنٹ میں اپنا تیسرا میچ ہفتے کے روز بنگلا دیش کے خلاف کھیلے گی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں