اسلام آباد : آئی ایم ایف نے آیندہ مالی سال میں 200 یونٹ سے کم استعمال پر بجلی کی سبسڈی ختم کرنے کا مطالبہ کردیا اور کہا بجلی کی سبسڈی کے لئے نیا فارمولا تیار کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے نے پاکستان کے لیے آئندہ مالی سال کے حوالے سے سخت شرائط سامنے رکھ دی۔
ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے مطالبہ کیا ہے کہ عام عوام کے لیے 200 یونٹ سے کم بجلی کے استعمال پر دی جانے والی سبسڈی ختم کر دی جائے اور یکم جنوری 2027 سے اس کا اطلاق کیا جائے۔
آئی ایم ایف کی شرائط کے تحت اب بجلی کی سبسڈی عام صارفین کے بجائے صرف بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے رجسٹرڈ مستحقین تک محدود کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوری 2027 سے ٹارگٹڈ سبسڈی کا نیا نظام نافذ ہوگا، جس کے تحت ٹیرف ڈیفرینشل اور کراس سبسڈی کا موجودہ ڈھانچہ مکمل ختم کر دیا جائے گا۔
حکومت عالمی بینک کے تعاون سے صارفین کو نیشنل سوشیو اکنامک رجسٹری سے منسلک کرنے جا رہی ہے تاکہ اصل مستحقین کی تصدیق کی جا سکے۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ وہ صارفین جو 200 یونٹ سے کم بجلی ظاہر کرنے کے لیے ایک ہی گھر میں دو یا دو سے زائد میٹرز استعمال کر رہے ہیں، وہ اس رعایت سے محروم ہو سکتے ہیں۔
حکومت نئے نظام کے ذریعے ایسے صارفین کی نشاندہی کرے گی تاکہ سبسڈی کا فائدہ صرف ضرورت مندوں تک پہنچے۔
حکومت نے آئی ایم ایف کے اہداف کو پورا کرنے کے لیے نیا فارمولا تیار کرنا شروع کر دیا ہے، سبسڈی کی ادائیگی کا موثر طریقہ کار وضع کرنے کے لیے رواں ماہ کے اختتام تک ایک بیرونی کنسلٹنٹ فرم کی خدمات حاصل کی جائیں گی ، جس کے تحت آئندہ بجٹ میں پاور سیکٹر کے لیے سبسڈی کے نظام میں بڑی تبدیلیوں کا امکان ہے۔
Shoaib Nizami reports Finance, Fedeal Board of Revenue, Planning , Public Accounts, Banking, Capital Market, SECP, IMF, World Bank, Asian Development Bank, FATF updates for ARY News


