کراچی : پاکستان نے پہلا جدید ہائپر اسپیکٹرل سیٹلائٹ خلا میں بھیجنے کی تیاری مکمل کرلی، سیٹلائٹ کی مدد سے معدنی وسائل کی تلاش اور زرعی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے خلائی میدان میں ایک اور انقلابی پیشرفت کرلی، اکتوبر میں ملک کا پہلا جدید ہائپر اسپیکٹرل سیٹلائٹ خلا میں روانہ کیا جائے گا، اس منصوبے کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے، جو سپارکو کے زیر نگرانی تیار کیا گیا ہے۔
سیٹلائٹ کی مدد سے معدنی وسائل کی تلاش اور زرعی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔
سپارکو کے چیئرمین محمد یوسف خان نے کہا کہ یہ سیٹلائٹ معدنیات، پودوں، مٹی اور پانی کے معیار سے متعلق درست اعداد و شمار فراہم کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ جو سروے پہلے سالوں میں مکمل ہوتے تھے، اب چند دنوں میں مکمل ہوسکیں گے۔
چیئرمین سپارکو نے مزید کہا کہ یہ جدید ٹیکنالوجی پالیسی سازوں اور محققین کو بروقت اور شواہد پر مبنی فیصلے کرنے میں مدد فراہم کرے گی اور سیٹلائٹ کے ذریعے سیلاب، گلیشیئرز اور فضائی آلودگی پر تحقیق کی صلاحیت بھی مزید بڑھے گی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


