اسلام آباد : پاکستان نے شعبہ صحت میں مزید عالمی امداد کے لیے یونیسیف، ڈبلیو ایچ او، یو این ڈی پی سے رابطے کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے شعبہ صحت میں مزید عالمی امداد طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع وزارت صحت نے بتایا کہ امداد کے لیے عالمی اداروں سے رابطے تیز کیے جائیں گے، پاکستان یونیسیف، ڈبلیو ایچ او، یو این ڈی پی سے رابطے کرے گا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ دوران حمل استعمال ہونے والی دواؤں کی فراہمی کی اپیل کی جائے گی، پاکستان دوران زچگی استعمال ہونے والے طبی آلات فراہمی کی اپیل کرے گا۔
وزارت صحت نےکہا کہ پاکستان موسمی امراض کی دواؤں ، ویکسین فراہمی ، ٹائیفائیڈ، ملیریا، ڈائریا، ہیضہ کی دواؤں کی اپیل کرے گا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان عالمی اداروں سے مچھر دانیاں، پانی صاف کرنے والی گولیاں، طبی آلات، غذائی ساشے فراہم کرنے کی درخواست کرے گا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ عالمی اداروں سے اینٹی بائیوٹک، ملٹی وٹامن ادویات فراہمی کی اپیل ہو گی تاہم عالمی اداروں کی جانب سے پاکستان کو ادویات، طبی آلات فراہمی جاری ہے۔