اسلام آباد : سال 2025 کا آخری سپرمون کل ہوگا، جو پاکستان بھر میں واضح دکھائی دے گا۔
تفصیلات کے مطابق فلکیات کے شوقین افراد کے لیے ایک اور دلکش مظاہرہ سامنے آنے والا ہے کیونکہ 2025 کا آخری سپرمون 4 اور 5 دسمبر کی رات کو نظر آئے گا، جو پاکستان بھر میں واضح دکھائی دے گا۔
سپارکو کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ تیسرا اور آخری سپرمون ہوگا, سپرمون اس وقت بنتا ہے جب چاند اپنے بیضوی مدار میں زمین کے قریب ترین مقام پر ہو، جس کی وجہ سے چاند عام دنوں کے مقابلے میں بڑا اور زیادہ روشن دکھائی دیتا ہے۔
پاکستان میں سپرمون 4 دسمبر کو شام 4 بجکر 58 منٹ پر 99.2 فیصد روشن ہوگا، جبکہ 5 دسمبر کی صبح 4 بجکر 15 منٹ پر 99.8 فیصد روشن ہوگا۔
اس دوران چاند کا زمین سے فاصلہ 357,218 کلومیٹر ہوگا اور سپرمون عام مکمل چاند سے تقریباً 7.9 فیصد بڑا اور 15 فیصد زیادہ روشن دکھائی دے گا، جسے لوگ پوری رات باآسانی دیکھ سکیں گے۔


