بدھ, جولائی 15, 2026
اشتہار

پاکستان اور یواے ای کے درمیان اہم معاہدہ! پاکستانی مسافروں کی بڑی مشکل آسان ہوگئی

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: پاکستان اور یواے ای کے درمیان پری امیگریشن کلیئرنس پر باضابطہ معاہدے پر اتفاق کرلیا گیا ، جس کے تحت مسافروں کی تمام امیگریشن کلیئرنس پاکستان میں ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی سے یو اے ای کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پاک – یو اے ای تعلقات، باہمی تعاون اور امیگریشن کے عمل کو مزید آسان بنانے کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔

ملاقات کے دوران پری امیگریشن کلیئرنس کے تحت باضابطہ معاہدے پر اتفاق کیا گیا، جس کا آغاز ابتدائی طور پر پائلٹ بنیادوں پر کیا جائے گا اور کراچی پہلے مرحلے میں شامل ہوگا۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ اس نظام کے نفاذ کے بعد مسافر یو اے ای پہنچنے پر پری امیگریشن سے مستثنیٰ ہوں گے اور وہ ڈومیسٹک مسافروں کی طرح سیدھا ایئرپورٹ سے باہر نکل سکیں گے۔

محسن نقوی نے کہا کہ یہ اقدام سفر میں سہولت، وقت کی بچت اور مجموعی تجربہ بہتر بنانے میں مددگار ہوگا۔

یو اے ای وفد نے اس اقدام کو عوام کے لیے مفید قرار دیتے ہوئے تعاون کا عزم ظاہر کیا۔

ملاقات میں پائلٹ منصوبے کے انتظامی اور تکنیکی معاملات کو حتمی شکل دینے کے لیے رابطہ کاری پر بھی اتفاق کیا گیا، اور کامیاب پائلٹ منصوبے کے بعد اس نظام کو دیگر مقامات تک توسیع دی جائے گی۔

وفد میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور ایئرپورٹس کے حکام بھی شامل تھے۔ ملاقات میں وزیر مملکت طلال چوہدری اور وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا بھی موجود تھے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں