اسلام آباد : امریکی سفارتخانے کے منسٹر فار پبلک ڈپلومیسی اینڈی ہیلس کا کہنا ہے کہ پاک امریکا تعلقات اس وقت تاریخ کی مضبوط ترین سطح پر ہیں، جس کے نتیجے میں کئی ارب ڈالر سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی سفارتخانے کے منسٹر فار پبلک ڈپلومیسی اینڈی ہیلس نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیرِاعظم شہباز شریف کے درمیان تعلقات نہایت مضبوط اور خوشگوار ہیں، صدر ٹرمپ متعدد مواقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیرِاعظم شہباز شریف کے بارے میں مثبت بیانات دے چکے ہیں۔
اینڈی ہیلس کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں پاک-امریکا تعلقات تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں، امریکی ایگزم بینک کے اشتراک سے ریکوڈک میں کئی بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ مائنز اینڈ منرلز کے شعبے میں امریکی کاروباری اداروں کی دلچسپی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دنیا کا سب سے بڑا فل برائٹ پروگرام پاکستان میں جاری ہے اور پاکستانی نوجوان یو ایس ای ایف پی اور ایجوکیشن یو ایس اے کے مفت تعلیمی وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں۔


