بدھ, اگست 19, 2026
اشتہار

پاکستان کا بابری مسجد کی جگہ بنائے گئے رام مندر پر پرچم کشائی پر گہری اظہار تشویش

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : پاکستان نے بھارت میں بابری مسجد کی جگہ تعمیر کیے گئے رام مندر پر پرچم کشائی کے واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ بھارت میں بابری مسجد کی جگہ تعمیر کیے گئے رام مندر پر پرچم کشائی کے واقعے پر گہری تشویش ہے، یہ اقدام بھارت میں بڑھتے اسلاموفوبیا اور اقلیتوں سے امتیازی سلوک کی عکاسی کرتا ہے۔

ترجمان نے یاد دلایا کہ بابری مسجد کو 6 دسمبر 1992 کو انتہا پسند ہندو ہجوم نے شہید کردیا تھا، جس کے بعد بھارتی عدالتی عمل نے بھی مسلمانوں کے ساتھ امتیازی رویے کی مثال قائم کی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت میں مسلمانوں کے تاریخی ورثے کو منظم انداز میں مٹایا جارہا ہے اور متعدد تاریخی مساجد انہدام کے خطرات سے دوچار ہیں، اس صورتحال نے خطے میں مذہبی ہم آہنگی کے حوالے سے شدید سوالات کھڑے کردیے ہیں۔

پاکستان نے عالمی برادری خصوصاً اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت میں بڑھتے اسلاموفوبیا اور اقلیتوں کے مذہبی و ثقافتی حقوق کی پامالی کا نوٹس لے۔

ترجمان نے کہا کہ عالمی اداروں کو بھارت میں اسلامی ورثے کے تحفظ اور مذہبی آزادی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

ترجمان نے بیان میں بھارت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ تمام مذہبی برادریوں، خصوصاً مسلمانوں کی سیکیورٹی اور مذہبی مقامات کے تحفظ کو یقینی بنائے۔

اہم ترین

مزید خبریں