تازہ ترین

ورلڈ کپ ڈو اینڈ ڈائی مرحلہ، شاہین کیویز پر جھپٹنے کو تیار

برمنگھم: کرکٹ ورلڈ کپ 2019 میں قومی ٹیم آج نیوزی لینڈ کے خلاف بقا کی جنگ لڑے گی، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کو ورلڈ کپ کا سیمی فائنل کھیلنا ہے تو آج نیوزی لینڈ کے خلاف لازمی کامیابی حاصل کرنا ہوگی، دونوں ٹیمیں ورلڈ کپ میں 8 بار مدمقابل آچکی ہیں جن میں سے پاکستان نے 6 اور نیوزی لینڈ نے صرف دو میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔

قومی ٹیم کے پاس یہ آخری موقع ہے، فیلڈنگ میں بھی جان مارنا ہوگی، کیچز بھی پکڑنے ہوں گے، بولرز نے وکٹیں اڑانا ہوگی اور بلے بازوں کو بھی وکٹ پر رکنا پڑے گا۔

امکان ہے کہ قومی ٹیم اہم میچ میں دو اسپنرز کے ساتھ میدان میں اترے گی، تجزیہ کاروں کے مطابق میگاایونٹ کی ناقابل شکست ٹیم میں اگر قومی ٹیم نے ہرانا ہے تو کیوی کپتان ولیم سن اور تجربہ کار بلے باز راس ٹیلر کو جلد آؤٹ کرنا ہوگا۔

کیوی کپتان کین ولیم سن نے میگا ایونٹ میں 187 کی اوسط سے 373 رنز بناچکے ہیں۔

برمنگھم کے موسم کی بات کی جائے تو گزشتہ روز موسم میچ کے لیے اچھا نہیں تھا اور پورے دن بارش ہوتی رہی جس کے سبب وکٹ کو کور کردیا گیا تھا اور دونوں ٹیموں نے انڈور پریکٹس کی لیکن آج میچ میں بارش کا امکان تو نہیں ہے لیکن موسم آبر آلود رہے گا۔

واضح رہے کہ گرین شرٹس کو کیویز کے بعد بنگال ٹائیگر اور افغانستان کا چیلنج درپیش ہوگا، جبکہ انگلینڈ کے اگلے دو میچز مضبوط حریفوں بھارت اور نیوزی لینڈ سے ہیں، انگلینڈ کی شکست قومی ٹیم کی سیمی فائنل میں رسائی آسان بنادے گی۔

پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالی جائے تو قومی ٹیم نے اب تک 6 میچز کھیلے ہیں جس میں سے دو میچز جیتے، تین میں شکست ہوئی اور ایک میچ بارش کی نذر ہوا، قومی ٹیم کے 5 پوائنٹس ہیں۔

ادھر کیوی ٹیم میگا ایونٹ کی ناقابل شکست ٹیم ہے اور اس نے پوائنٹس پر 11 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کررکھی ہے۔

Comments

- Advertisement -