لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے زمبابوے کے خلاف سیریز کی تیاری کے لیے لگائے جانے والے ٹریننگ کیمپ کے دوران قومی کرکٹرز کو اہلخانہ کو ساتھ رکھنے کی اجازت دے دی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی سی بی نے تربیتی کیمپ کے دوران قومی کھلاڑیوں کو فیملیز کو ساتھ رکھنے کی اجازت دے دی، ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑی کوویڈ 19 پروٹوکولز مکمل کرکے فیملیز ساتھ رکھ سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ قومی کھلاڑیوں کی پہلی کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کل ہوگی اور ٹریننگ کیمپ چار روز پر مشتمل ہوگا۔
زمبابوے کی ٹیم ون ڈے سیریز کے لیے پاکستان پہنچ چکی ہے، مہمان ٹیم کو کوویڈ 19 پروٹوکولز کے مطابق ایک ہفتے قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔
مزید پڑھیں: زمبابوے کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی
یاد رہے کہ پاکستان اور زمبابوے کی ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے30 اکتوبر کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، دوسرا ون ڈے یکم نومبر جبکہ تیسرا اورآخری میچ 3 نومبر کو کھیلا جائے گا۔
زمبابوے کے خلاف سیریز کے لیے گزشتہ روز قومی ٹیم کا اعلان کیا گیا تھا، بابر اعظم کپتان اور شاداب خان نائب کپتان ہوں گے، سابق کپتان شعیب ملک، محمدعامر اور سرفراز کو آرام دیاگیا ہے، دوسری طرف نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں سنچری بنانے والے عبداللہ شفیق کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
آل راونڈر فہیم اشرف کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، جب کہ ان فٹ نسیم شاہ کی جگہ موسیٰ خان کو موقع دیا گیا ہے۔ نوجوان وکٹ کیپر روحیل نذیر بھی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے۔