اسلام آباد: ملک بھر میں آئندہ ہفتے سے مون سون کی بارشیں شروع ہوجائیں گی جبکہ اگلے چوبیس گھنٹوں میں ملک بھر میں موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، اسلام آباد اور خیبر پختون خوا کے بعض علاقوں، کشمیر،سندھ اور مشرقی بلوچستان کے کئی علاقوں، میرپور خاص، سکھر میں بعض مقامات پر بارش متوقع ہے۔
اسی طرح کوئٹہ، ژوب، قلات میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جب کہ مجموعی اعتبار سے آئندہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں موسم گرم رہنے کا قوی امکان ہے۔
دوسری جانب مختلف شہروں میں نالوں کی صفائی نہ ہونے کے سبب نالوں کے اطراف واقع آبادیوں میں بارش کا پانی داخل ہونے اور آبادیاں زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔ نالوں کی صفائی کے معاملے میں چاروں صوبوں میں حالت یکساں ہے، وہاں کی بلدیاتی حکومتیں فنڈ کا رونا روتی نظر آتی ہیں۔
کراچی میں تمام بڑے نالوں کی صفائی نہیں ہوسکی ہے، قبل ازیں ایک سروے میں انکشاف کیا گیا تھا کہ راولپنڈی میں بھی نالہ لئی کی صفائی نہیں ہوسکی ہے اگر بارشیں ہوئیں تو قریبی آبادیاں زیر آب آجائیں گی تاہم سروے رپورٹ کے باوجود راولپنڈی انتظامیہ نے نالہ لئی کی صفائی نہیں کی۔