کراچی : محکمہ موسمیات نے بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا مغربی ہواؤں کا ایک طاقتور سلسلہ 6 سے 10 دسمبر کے دوران بلوچستان میں داخل ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے اور دسمبر کے آغاز کا احساس ہو رہا ہے۔ میدانی علاقوں میں دھند اور اسموگ چھائی ہوئی ہے، جبکہ بالائی اور پہاڑی علاقوں میں شدید سردی پڑ رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا کہ مغربی ہواؤں کا ایک طاقتور سلسلہ 6 سے 10 دسمبر کے دوران بلوچستان میں داخل ہوگا، جس کے بعد ملک میں بارشوں کا پہلا بھرپور اور طویل مرحلہ شروع ہونے کا امکان ہے اور یہ سلسلہ وقفے وقفے سے پورے مہینے جاری رہنے کی توقع ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسکردو میں سب سے زیادہ سردی ریکارڈ کی گئی، جہاں درجہ حرارت منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
Weather Updates Pakistan- موسم کی خبریں
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے نیچے چلا گیا، جبکہ کوئٹہ میں منفی 4، پشاور میں 2، اسلام آباد میں 3، لاہور میں 7 اور کراچی میں 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


