لاہورمیں واردات کا شکار جرمن سیاح کی دادرسی کردی گئی، وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے جرمن سیاح کو 5 لاکھ روپے کی امداد دی گئی۔
جرمن سیاح فلورین برگ نے کہا ہے کہ جس اندازمیں حکومت اور عوام نے میرا ساتھ دیا وہ کبھی نہیں بھول سکتا، پاکستان میرا پسندیدہ ترین ملک ہے یہاں دوبارہ آنا چاہوں گا، پاکستانی بہت محبت کرنے والے اور زندہ دل لوگ ہیں۔
فلورین برگ نے کہا کہ سیاحوں کا مجرمان سے سامنا کسی بھی ملک میں ہوسکتا ہے، علاقائی خوبصورتی کیساتھ پاکستان میں لوگوں کے دلوں کی خوبصورتی بھی مثالی ہے۔
لاہور میں لوٹنے والے جرمن سیاح فلورین برگ کا کہنا تھا کہ میری مدد اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے بھرپور محنت ہورہی ہے۔
دریں سیکریٹری داخلہ پنجاب نورالامین مینگل نے جرمن سیاح فلورین برگ سے ملاقات کی، فلورین کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے 5 لاکھ روپے کی امداد بھی دی گئی۔
سیکریٹری داخلہ پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان آنے والے تمام سیاح ہمارے مہمان ہیں، سیاحوں کی سیکیورٹی اور حفاظت کیلئے اقدامات اٹھارہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ پولیس سیاح کو لوٹنے والوں کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹریس کر رہی ہے، لاہور پولیس جلد ہی ملزمان کو گرفتار کرلے گی۔
خیال رہے کہ جرمن سیاح سائیکل پر سینٹرل ایشیا اور چین سے ہوتا ہوا پاکستان پہنچا تھا، جرمن سیاح فلورین برگ کو لاہور میں سڑک پر کیمپ لگاکر سوتے ہوئے ڈاکوؤں نے لوٹ لیا تھا۔