کینز : پاکستان نے پریکٹس میچ میں کرکٹ آسٹریلیا الیون کو دو سو ایک رنز سے شکست دے دی۔
کینز میں جاری میچ کے تیسرے روز پاکستان نے دوسری نامکمل اننگز ایک سو چوبیس رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو چونتیس رنز کے اضافے کے بعد سرفراز احمد پویلین لوٹ گئے، انہوں نے بیس رنز بنائے۔
جس کے بعد اظہر علی نے پر اعتماد انداز سے بیٹنگ جاری رکھی اور نصف سینچری بنا ڈالی، محمد نواز نے اظہر علی کا بھرپور ساتھ دیا۔
پاکستان نے دوسری اننگز دو سو سولہ رنز چھ کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلئیر کردی اور کرکٹ آسٹریلیا الیون کو جیت کیلئے تین سو گیارہ رنز کا ہدف دیا، اظہر علی نے ناٹ آؤٹ بیالیس رنزبنائے۔
جواب میں آسٹریلیا الیون کی ٹیم ایک سو نو رنز ڈھیر ہوگئی، عامر اور راحت نے میچ میں پانچ پانچ شکار کئے جبکہ وہاب ریاض نے چار وکٹیں حاصل کیں۔
مزید پڑھیں : آسٹریلیا پریکٹس میچ، کرکٹ آسٹریلیا الیون 114 رنز پر ڈھیر
گذشتہ روز پاکستان اور کرکٹ آْسٹریلیا الیون کے درمیان کھیلے جانے والے سہ روزہ پریکٹس میچ میں پاکستان کے 208 رنز کے جواب میں کرکٹ آسٹریلیا الیون کی پوری ٹیم 114رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
پہلی اننگز میں پاکستان کو چورانوے رنزکی برتری حاصل ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم آسٹریلیا کے دورے پر ہے اور پہلا ٹیسٹ میچ 15 دسمبر برسبن میں کھیلے گی۔