لاہور: پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم بھارت میں ہونے والےخواتین کےٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کے بعد وطن واپس پہنچ گئی،کپتان ثنامیر کہتی ہیں ٹیم کی حالیہ کارکردگی سے مطمئن ہوں،ویمن کرکٹ کےفروغ کیلئے ہمیں مزید کوچ اورگراؤنڈز بناکردیے جائیں۔
ویمن ٹیم بھارت سے دبئی کے راستے غیر ملکی ایئرلائن کے ذریعے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی اور پی سی بی کے کوسٹر کے ذریعے اسے نیشنل کرکٹ اکیڈمی پہنچایا گیا جہاں سے کھلاڑی اپنے گھروں کو روانہ ہو گئیں۔
ایئرپورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان ثنا میر نے کہا کہ ہماری ٹیم نے تمام میچوں میں انتہائی عمدہ باؤلنگ کی، ہمیں بیٹنگ میں مزید محنت کرنے کی ضرورت ہے جس کے لئے ہمیں کوچ ملنے چاہئیں۔
ثنا میر کا کہنا تھا کہ ملک میں ویمن کرکٹ کے فروغ کے لئے میں اپنی سفارشات متعدد بار دے چکی ہوں، نئے گراؤنڈز اور ڈیپارٹمنٹس کا قیام بہت ضروری ہے۔ ثنا میر نے ریٹائرمنٹ کے حوالے سے کہا کہ وہ اپنے فیصلے پر قائم ہیں کیونکہ دو سال بعد ہونے والے ورلڈ کپ کی تیاری کے لئے نئی کپتان کو پورا وقت مل سکے۔
ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان نے سانحہ گلشن پارک پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ پوری ٹیم اس واقعہ پر افسردہ ہے اور ہم امید کرتی ہیں کہ حکومت ایسے اقدامات کرے گی کہ اس طرح کے واقعات آئندہ نہ ہوں۔ پاکستان ویمن ٹیم ورلڈ کپ میں دو میچ جیتی اور دو ہاری، بھارت اور بنگلہ دیش کو شکست دی جبکہ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کیخلاف میچ ہارنے کی وجہ سے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی نہیں کر سکی تھی۔