ہفتہ, اپریل 18, 2026
اشتہار

طاہرہ واسطی: پاکستان ٹیلی ویژن کی معروف اداکارہ

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان ٹیلی ویژن کی سینئر اور اپنے وقت کی مقبول اداکارہ طاہرہ واسطی کی ہر پرفارمنس یادگار ثابت ہوئی۔ وہ بارعب شخصیت کی مالک تھیں اور اسی بنا پر زیادہ تر شاہانہ کرّوفر اور رعب و دبدبہ کے متقاضی کرداروں کے لیے منتخب کیا جاتا تھا۔ پاکستان ٹیلی ویژن کے کلاسیک کا درجہ رکھنے والے ڈرامہ سیریل افشاں اور تاریخ پر مبنی دوسرے ڈراموں میں طاہرہ واسطی نے یادگار کردار ادا کیے۔ آج طاہرہ واسطی کی برسی ہے۔

پاکستان ٹیلی ویژن نے جہاں‌ معاشرتی مسائل اور خانگی زندگی کے اتار چڑھاؤ پر یادگار ڈرامے تخلیق کیے، وہیں تاریخ کے موضوع پر بننے والے ڈرامے بھی بہت مقبول تھے جن میں طاہرہ واسطی نے کمال کی اداکاری کی۔ طاہرہ واسطی نے سعادت حسین منٹو کی ایک کہانی ’جیب کترا‘ میں کردار ادا کرکے ناظرین کو متوجہ کیا تھا۔ پھر افشاں جیسے مقبول ترین ڈرامہ میں انھوں نے یہودی تاجر کی بیٹی کا کردار نبھا کر خوب شہرت حاصل کی۔ آخری چٹان وہ ڈرامہ تھا جس میں طاہرہ واسطی ملکہ ازابیل کے کردار میں ناظرین کے سامنے تھیں اور اس کردار میں غیرمعمولی شہرت حاصل کی۔ وہ 1980ء اور 1990ء کے عشرے میں پاکستان ٹیلی ویژن کے ناظرین میں بے حد مقبول تھیں۔

اداکارہ 2012ء میں آج ہی کے دن انتقال کرگئی تھیں۔ طاہرہ واسطی نے 1944ء میں‌ سرگودھا میں‌ آنکھ کھولی۔ وہیں ابتدائی تعلیم مکمل کی اور بعد میں لاہور کی درس گاہ میں داخلہ لیا۔ ان کی شادی رضوان واسطی سے ہوئی جو معروف ٹی وی اداکار اور انگریزی نیوز کاسٹر تھے۔ ان کی صاحبزادی لیلیٰ واسطی بھی ٹیلی ویژن پر اداکاری کرچکی ہیں۔

پی ٹی وی کی معروف اداکارہ طاہرہ واسطی کے تاریخی کہانیوں پر مبنی ڈراموں میں غرناطہ، شاہین، ٹیپو سلطان کے علاوہ شمع اور دلدل شامل ہیں جو اپنے وقت کے مقبول ترین اور یادگار ڈرامے ثابت ہوئے۔

وہ ایک منجھی ہوئی اداکارہ ہی نہیں قابل رائٹر بھی تھیں۔ طاہرہ واسطی نے چند ڈرامے بھی تحریر کیے اور سائنس فکشن بھی لکھا۔ ایڈز کے موضوع پر ان کا تحریر کردہ ایک کھیل بعنوان کالی دیمک بہت پسند کیا گیا تھا۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں