ایتھنز : پاکستانی ایتھلیٹ مونا خان کو ایتھنز ایئرپورٹ پر امیگریشن حکام نے روک لیا اور پاسپورٹ بھی ضبط کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی ایتھلیٹ مونا خان کو یونانی حکام نے ایک بار پھر روک لیا، ان کو ایتھنزایئرپورٹ پرامیگریشن حکام نے روکا۔
پاکستانی ایتھلیٹ اپنے بیٹے کے ہمراہ وطن واپس لوٹ رہی تھی ، اس حوالے سے موناخان نے بتایا کہ مجھے اور میرے بیٹے کو ایتھنز ایئرپورٹ پرروک لیاگیا ہے، ایتھنز میں موجود پاکستانی سفارتخانہ میرے ساتھ تعاون نہیں کررہا۔
پاکستانی ایتھلیٹ کا کہنا تھا کہ میرےساتھ یونان میں مشکوک افرادکی طرح سلوک کیاجارہاہے، میرا بیٹا بھی خوفزدہ ہے۔
انھوں نے حکومت پاکستان سے اپیل کی مجھےاور میرے بیٹے کو تحفظ دیا جائے، میرا اور بیٹے کا پاسپورٹ یونانی امیگریشن حکام نے ضبط کرلیا ہے۔
مزید پڑھیں : یونانی حکومت نے مونا خان کے یونان میں داخلے پر 5 سال کی پابندی لگادی
ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی ایتھلیٹ نے آج یونان سے پاکستان واپس آناتھا،انھوں نے کل صبح ساڑھے 6 بجے کراچی پہنچناتھا۔
یاد رہے یونانی حکومت نے پاکستانی ایتھلیٹ کے یونان میں داخلے پر 5سال کی پابندی لگاتے ہوئے 20 دن میں ملک چھوڑنے کی ہدایت کی تھی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستانی ایتھلیٹ کا نام شینجن انفارمیشن سسٹم میں ڈال دیا گیا، یونان سے کسی دوسرے شینجن ملک جانے پر پورے شیجن ممالک پرپابندی لگ جائے گی۔