کراچی: قومی ٹیم کے سابق کپتان یونس خان بھی سرفراز احمد کے حق میں بول پڑے، انکا کہنا تھا کہ سرفراز جیسے کھلاڑی مشکل سے ملتے ہیں اس کی قدر کرنی چاہیے۔
کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے یونس خان نے کہا کہ کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو سراہنا چاہیے، سرفراز نے تینوں فارمیٹ میں پر فارم کیا اس کے بعد وکٹ کیپر بیٹسمین کو نظر انداز کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرفراز جیسے دلیر کھلاڑی مدتوں میں ملتے ان کی قدر کرنی چاہیے، سرفراز احمد، اسد شفیق اور انور علی کا مستقبل شاندار ہے، پاک بھارت سیریز پر یونس خان کا کہنا تھاکہ سیاست کے برعکس دونوں ممالک کے درمیان میچز ہونے چاہیئں۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے یونس خان نے قیادت سے مستعفی ہونے کو غلطی قرار دے دیا، یونس کا کہنا ہے کہ دوہزار نو کے آخر میں نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں کپتانی چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا تھا۔
انکا کہنا ہے کہ چئیرمین بورڈ اعجاز بٹ کو بتادیا تھا کہ کارکردگی نہ دکھا سکا تو کپتانی چھوڑدوں گا لیکن آج اس غلطی کا احساس ہورہا ہے، اندازہ ہوگیا کہ ٹیم کی قیادت کرنا بہت بڑا اعزاز ہوتا ہے، کپتانی کا پھر موقع ملا تو ضرور کروں گا۔
سابق کپتان نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی چھوڑنے کی ایک وجہ آئی پی ایل بھی ہے لیکن حقیقت میں ٹی ٹوئنٹی نوجوانوں کی کرکٹ ہے۔
تجربہ کار بیٹسمین نے کہا کہ وہ ٹی ٹوئنٹی چھوڑ چکے لیکن پاکستان کو ضرورت پڑی تو وہ پی ایس ایل کے لئے دستیاب ہیں، یونس نے کہا کہ ان کا انٹرنیشنل کرکٹ سے فل الحال ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں ہے جب تک پرفارم کررہے ہیں کھیلتے رہیں گے۔