ریاض: پاکستان میں موقع نہ ملنے کی شکایت کرنے والا ترکھان دن پھرنے سے سعودی عرب میں مشہور فیشن ماڈل بن گیا۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں مقیم پاکستانی بڑھئی مشہور فیشن ماڈل بن گیا، 24 سالہ وقاص معروف ایڈورٹائزنگ کمپنیوں کے ساتھ متعدد فیشن شوٹ کرا چکا ہے۔
وقاص کچھ عرصے سے سعودی عرب میں مقیم ہے اور لکڑی کا کام کر رہا تھا، ایک دن اپنے دوست سے کہی ہوئی ایک بات نے اس کی زندگی بدل دی، وقاص ترکھان سے ایک مشہور فیشن ماڈل بن گیا۔
پاکستان نوجوان کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ ایک دن وہ بڑھئی کا کام چھوڑ کر کپڑوں کی فیشن ڈیزائننگ کی دنیا کی چکاچوند میں آ جائے گا، اور وہ ماڈلنگ کرنے لگے گا۔
عرب میڈیا سے گفتگو میں وقاص کا کہنا تھا کہ وہ 4 سال قبل سعودی عرب آیا تھا اور بڑھئی کا کام کر رہا تھا۔ وقاص نے بتایا ‘میرے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ دوست سے کہی ہوئی ایک معمولی بات میری زندگی بدل دے گی، میرے خواب کو تعبیر مل جائے گی، اور میں اشتہارات میں ماڈل کے طور پر جلوہ گر ہوں گا۔’
پاکستانی نوجوان نے اپنی زندگی کے نئے باب سے متعلق بتایا کہ ایک دن وہ اپنے دوست فیصل کے پاس بیٹھا تھا جو ایک فوٹو سیشن کی تصاویر کو ایڈٹ کر رہا تھا، اس نے دوست سے کہا میری شروع سے تمنا ہے کہ ماڈلنگ کے شعبے میں کام کروں، لیکن پاکستان میں کبھی اس کا موقع نہ مل سکا۔
وقاص نے بتایا کہ اس کے دوست نے ایک تصویر بنائی اور ماڈلنگ کے شعبے میں کام کرنے والے متعلقہ شخص کو بھیج دی، وہی تصویر بعد ازاں ٹویٹر پر بھی شیئر کی گئی، جسے صارفین اور ایڈورٹائزنگ سے تعلق رکھنے والے کچھ لوگوں نے پسند کیا۔
انھوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی تصویر سے اسے ماڈلنگ کی دنیا میں آنے کے لیے بڑی مدد ملی، پھر کئی اداروں کے ساتھ اس کے معاہدے بھی ہو گئے، اور یوں اس کے بچپن کا خواب پورا ہو گیا۔