تازہ ترین

پاکستان کو آئی ایم ایف سے 6 ارب ڈالر قرض پروگرام کی توقع

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ...

اسرائیل کا ایران پر فضائی حملہ

امریکی میڈیا کی جانب سے یہ دعویٰ سامنے آرہا...

روس نے فلسطین کو اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت دینے کی حمایت کردی

اقوام متحدہ سلامتی کونسل کا غزہ کی صورتحال کے...

فلمی پردے سے حقیقی زندگی تک ساتھ نبھانے والے فن کار

بڑے پردے کے شائقین ہوں‌ یا چھوٹی اسکرین کے ناظرین سبھی کو ہیرو ہیروئن کا رومان، ان کی شادی یا مرکزی کرداروں‌ کے درمیان قربت اور کسی ڈرامائی موڑ کے نتیجے میں اچانک دوری ضرور ان کی توجہ اور دل چسپی حاصل کرتی ہے۔

کئی دہائیوں‌ تک پاک و ہند میں‌ بننے والی فلموں کو ایسے ہی رومانوی اور جذباتی مناظر سے سجایا جاتا رہا ہے، لیکن انہی میں‌ سے چند مشہور فن کاروں نے حقیقی زندگی میں‌ بھی ایک دوسرے کا ہاتھ تھاما اور ان کی شادی کام یاب بھی رہی۔ ہندوستان میں‌ جہاں دلیپ کمار اور سائرہ بانو، دھرمندر اور ہیما مالنی، نرگس اور سنیل دت نے فلمی پردے سے حقیقی زندگی کے لیے اپنے جیون ساتھی کا انتخاب کیا، وہیں پاکستان میں‌ بھی اپنے وقت کے کام یاب اور مقبول فلمی اداکاروں نے بھی شادی کی اور کام یاب زندگی گزاری۔ یہاں‌ ہم پاکستان کے ایسے ہی چند مشہور اداکاروں‌ کا تذکرہ کررہے ہیں۔

مشہور اداکار اور اپنے دور کے مقبول ہیرو سدھیر نے فلم اسٹار شمّی سے شادی کی تھی جس کے بعد شمّی خاتونِ خانہ بن کر بڑے پردے سے دور ہوگئی تھیں۔ سدھیر کو چند برس بعد فلمی دنیا میں ایک نووارد زیبا سے عشق ہوگیا اور یہ رومان بھی ان سے شادی تک جاری رہا، لیکن زیبا نے خود کو گھر تک محدود نہیں‌ رکھنا چاہا اور اختلافات اس حد تک بڑھے کہ ان میں‌ طلاق ہوگئی۔

1962 میں محمد علی اور زیبا نے فلم نگری میں‌ ایک ساتھ قدم رکھا تھا اور جلد ہی سنیما بینوں کی توجہ بھی حاصل کرلی تھی۔ اس آغاز کے اگلے چار برس تک محمد علی اور زیبا نے خوب کام یابیاں‌ سمیٹیں اور اسی دوران ان کے درمیان محبت و الفت کا جو تعلق قائم ہوا تھا، اسے باہمی رضا مندی سے نکاح کی شکل دے دی گئی۔ محمد علی کو پاکستانی فلمی صنعت میں شہنشاہِ جذبات کے لقب سے یاد کیا جانے لگا تھا جب کہ زیبا بھی اپنے دور کی مقبول ہیروئن تھیں۔ 29 ستمبر 1966 کو زیبا اور محمد علی نے شادی کر لی۔

سنتوش پاکستانی فلم انڈسٹری کے مشہور اور کام یاب اداکار تھے۔ وجیہہ صورت، دراز قد سنتوش نے اپنے وقت کی نام ور اداکارہ صبیحہ خانم کو اپنی شریکِ حیات بنایا۔ تاہم یہ ان کی دوسری شادی تھی۔ سنتوش کمار کی پہلی بیوی کو اس شادی پر کوئی اعتراض نہ تھا۔

مشہور ہے کہ فلم وعدہ اور سات لاکھ کی شوٹنگ کے دوران سنتوش اور صبیحہ خانم نے ایک دوسرے کے لیے پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے شادی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ سنتوش کمار کی یہ دونوں‌ شادیاں‌ آخری دم تک قائم رہیں۔

پاکستانی فلموں کے ایک اور کام یاب اداکار درپن نے بھی فلم نگری سے اپنی جیون ساتھی کا انتخاب کیا تھا۔ معروف اداکارہ نیر سلطانہ کو درپن نے شریکِ حیات بنایا اور تاعمر یہ تعلق نبھایا۔ نیر سلطانہ اچھی بیوی ثابت ہوئیں‌ اور درپن کی زندگی کا سفر تمام ہونے تک گھریلو خاتون کے طور پر اپنا کردار نبھاتی رہیں۔

اداکار حبیب اور نغمہ کو ان کی پنجابی فلموں سے بڑی شہرت اور مقبولیت ملی تھی۔ یہ اداکار 1968 سے پنجابی فلموں میں اکٹھے کام کررہے تھے اور ایک دن مداحوں نے ان کی شادی کی خبر سنی۔ تاہم جب حبیب نے روایتی شوہر بن کر نغمہ کو فلم نگری سے دور رہنے کو کہا تو بات بگڑ گئی اور اداکارہ نے حبیب سے طلاق لے لی۔

Comments

- Advertisement -