ایران میں پاکستان کے سفیر مدثر ٹیپو نے ملک کی موجودہ صورتحال پر ہم وطنوں اور طلبہ کے لیے اہم بیان جاری کیا ہے۔
سفیر نے کہا ہے کہ ایران میں مقیم پاکستانی سفری دستاویز بالخصوص پاسپورٹ اور شناختی کارڈ ساتھ رکھیں جن پاکستانیوں کے دستاویز کی میعاد ختم ہوچکی یا موجود نہیں وہ فوری رابطہ کریں۔
مدثر ٹیپو کے مطابق ایران کی جامعات نے اپنے امتحانات ایک ماہ کے لیے ملتوی کر دیئے اور ایران نے انٹرنیشنل طلبہ کو جانے کی اجازت دے دی ہے لہذا پاکستانی طلبہ سےگزارش ہےوہ اپنا پروگرام اسی تناظر میں مرتب کرلیں۔
قبل ازیں ایران میں احتجاجی مظاہروں کے پیشِ نظر وزارت خارجہ پاکستان نے شہریوں کیلیے ایڈوائزری جاری کر دی۔
ایران میں تعینات پاکستانی سفیر محمد مدثر ٹیپو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزارت خارجہ نے پاکستانی شہریوں کیلیے ایڈوائزری جاری کی ہے، شہریوں سے درخواست ہے کہ وہ اس پر عمل کریں۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ ہم نے اپنے شہریوں کی مدد کیلیے سفارتخانے میں ایک یونٹ قائم کیا ہے جبکہ ان کیلیے ہیلپ لائن نمبرز بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔
محمد مدثر ٹیپو نے کہا کہ ایران میں گزشتہ 40 گھنٹے سے انٹرنیٹ بند ہے جس سے مسائل پیدا ہو رہے ہیں، 150 پاکستانی طلبہ نے اپنے اہلخانہ کو اطلاع کیلیے نمبرز فراہم کیے ہیں، سفارتخانے میں مواصلاتی رابطے کیلیے انتظامات کیے گئے ہیں، طلبہ یہاں آ کر اپنے اہلخانہ کا نمبر دیتے ہیں۔
’جو طلبہ پاکستان جانا چاہتے ہیں وہ یونیورسٹی کا کلیئرنس سرٹیفکیٹ ساتھ رکھیں۔ جن کے پاس یونیورسٹی کلیئرنس نہیں ہوگی ان کو بارڈر پر مسائل ہوں گے۔ خرمزگان پر 70 طلبہ بارڈر پر پہنچے جنہیں ہم نے پاکستان روانہ کروایا۔‘


