پاکستانی پرچم کا خاکہ تیار کرنیوالے قومی ہیرو سید امیرالدین قدوائی کی آج بیالسیوں برسی منائی جارہی ہے۔
ملی تشخص سے روشناس کرانیوالے قومی پرچم کے ڈیزائنر امیر الدین قدوائی کی آج بیالیسویں برسی منائی جارہی ہے، پاکستانی پرچم کا خاکہ بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح کی ہدایت پرامیرالدین قدوائی نے ڈیزائن کیا، گہرے سبز اور سفید رنگ پر مشتمل پرچم میں تین حصے سبز اور ایک حصہ سفید رنگ کا ہوتا ہے، سبز رنگ مسلمانوں اور سفید رنگ پاکستان میں رہنے والی اقلیتوں کو ظاہر کرتا ہے جبکہ سبز حصے کے بالکل درمیان میں چاند(ہلال) اور پانچ کونوں والا ستارہ ہوتا ہے، سفید رنگ کے چاند کا مطلب ترقی اور ستارے کا مطلب روشنی اور علم کو ظاہر کرتا ہے۔
امیرالدین قدوائی کا ڈیزائن کردہ قومی پرچم ماسٹر الطاف اور افضال حسین نے اپنی دوکان حسین برادرز میں تیار کیاـ
امیرالدین قدوائی نے علی گڑھ یونیورسٹی سے ایل ایل بی مکمل کیا اور خلافت تحریک کے ایک سرگرم کارکن کے طور پر اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز کیا، امیر الدین قدوائی نےانیس سو چھتیس میں مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی اورعلی گڑھ میں "پاکستان اسکیم” کا مسودہ تیار کیا۔
امیرالدین قدوائی پنجاب یونیورسٹی لاء کالج کے فیکلٹی ممبر رہے اور ایک سینئر وکیل کے طور پر قانون کی پریکٹس کی ، قیام پاکستان کی تحریک میں امیرالدین قدوائی کی خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے انھیں انیس سو اکیاون میں گولڈ میڈل سے نوازا۔
امیرالدین قدوائی لاہور میں حضرت داتا علی ہجویری سے روحانی وابستگی رکھتے تھے اور اسی بنا پرامیرالدین قدوائی لاہور میں قیام پذیر تھے۔
امیرالدین قدوائی اکیس اگست انیس سو تہتر کو لاہورمیں انتقال کر گئے۔