اسلام آباد : ایم کیو ایم کی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نکہت شکیل آن لائن فراڈ کا شکار ہوگئیں ، نوسربازوں نے واٹس ایپ ہیک کرکے 15 لاکھ روپے ہتھیالیے۔
تفصیلات کے مطابق آن لائن یا واٹس ایپ کے ذریعے فراڈ کرنے والے گروہ نے اپنے پنجے اس طرح گاڑ لیے ہیں کہ اب اراکین قومی اسمبلی بھی ان سے محفوظ نہیں ہیں۔
ایم کیو ایم پاکستان کی مخصوص نشست پر منتخب ہونے والی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نکہت شکیل کے ساتھ فراڈ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں نوسربازوں نے اُن کے عزیزوں، رشتے داروں یا رابطہ کاروں سے تقریبا پندرہ لاکھ روپے بٹور لیے۔
ڈاکٹر نکہت شکیل رکن قومی اسمبلی کے ساتھ ساتھ پارلیمانی سیکریٹری برائے وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بھی ہیں۔
ذرائع نےبتایا کہ نامعلوم افراد نے خود کو محکمہ موسمیات کے افسران ظاہر کرتے ہوئے ڈاکٹر نکہت شکیل کو بار بار کالز کیں اور ایک ویری فکیشن کوڈ مانگا، نیند کے عالم میں ڈاکٹر نکہت نے غلطی سے کوڈ شیئر کردیا، جس کے بعد نوسربازوں نے ان کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک کرلیا۔
ہیکرز نے ان کے درجنوں قریبی رشتہ داروں، دوستوں اور سیاسی ساتھیوں سے رابطہ کر کے مختلف بہانوں سے رقم منگوائی اور کئی افراد نے رقم منتقل کردی جبکہ چند نے تصدیق کے بعد خود کو نقصان سے بچالیا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ رقوم کو جعلی بینک اکاؤنٹس اور موبائل والٹس میں منتقل کیا گیا، حیران کن طور پر جب متاثرہ رکن اسمبلی نے متعلقہ بینکوں سے مدد مانگی تو انہوں نے تعاون سے انکار کردیا۔
ڈاکٹر نکہت شکیل نے واقعے کی شکایت نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) میں درج کرائی، تاہم ادارے کا آن لائن پورٹل اکتوبر سے غیر فعال ہے اور شکایات پر کوئی پیش رفت نہیں ہو رہی۔
ڈاکٹر نکہت نے شہریوں کو خبردار کیا کہ “اگر ایک رکنِ اسمبلی کے ساتھ ایسا ہو سکتا ہے تو عام شہری کتنے غیر محفوظ ہیں، اس کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔”
ماہرین نے عوام کو ایک بار پھر تاکید کی ہے کہ وہ کسی بھی نامعلوم نمبر سے آنے والے ویری فکیشن کوڈ یا لنک ہرگز شیئر نہ کریں، کیونکہ اس نوعیت کے فراڈ کے واقعات خطرناک حد تک بڑھ چکے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


