اسلام آباد : پاکستان کے ٹریژری بلز کو موبائل ایپ پر باضابطہ طور پر لانچ کر دیا گیا ، جس کے تحت صارفین صرف پانچ ہزار روپے کی سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران حکومتِ پاکستان کے ٹریژری بلز کو موبائل ایپ پر باضابطہ طور پر لانچ کر دیا ہے۔
انتظامیہ نے بتایا کہ یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہے کہ عام شہری اپنے موبائل فون سے براہِ راست حکومتی سرمایہ کاری کے آلے میں سرمایہ لگا سکتے ہیں۔
اس انقلابی اقدام کو وزارتِ خزانہ، اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور متعلقہ مائیکروفنانس بینکنگ اداروں کے اشتراک سے ممکن بنایا گیا ہے۔
تقریب میں مشیرِ وزیرِ خزانہ خرم شہزاد، ڈیٹ مینجمنٹ کے مشیر عمر ایم خان، اور متعلقہ مالیاتی اداروں کے چیئرمین عامر ابراہیم، سی ای او مرتضیٰ علی اور سی ای او حارث محمود چوہدری سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
اس نئی سہولت کے ذریعے ملک کا کوئی بھی عام صارف صرف پانچ ہزار روپے کی معمولی رقم سے حکومتی ٹریژری بلز میں سرمایہ کاری کا آغاز کر سکتا ہے۔
صارفین اب ایک مکمل ڈیجیٹل عمل کے ذریعے محفوظ اور سرکاری ضمانت یافتہ سرمایہ کاری تک آسان رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام پاکستان میں مالیاتی شمولیت اور عام عوام کو دستاویزی معیشت کے دائرے میں لانے کی سمت میں ایک انتہائی اہم اور بڑا قدم ثابت ہوگا۔


