گوگل نے رواں سال کے اختتام سے کچھ روز قبل ایک سالانہ رپورٹ جاری کردی ہے، رپورٹ میں پاکستانی صارفین کے حوالے سے بھی دلچسپ اعداد و شمار بتائے گئے ہیں اس حوالے سے ایک فہرست ایسے ملکی اور غیر ملکی شخصیات کی مرتب کی ہے جنہیں پاکستانی صارفین کی کثرت نے گوگل پر سرچ کیا اور ان سے متعلق معلومات تک رسائی حاصل کی۔
گوگل کی انتظامیہ کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی جانب سے سب زیادہ لوگوں نے کھیل سے متعلق خبروں کو سرچ کیا گیا جب کہ مختلف شخصیات اور ایونٹس کو بھی سرچ کیا گیا۔
پاکستانی صارفین کی جانب سے جن ملکی اور غیر ملکی شخصیات کو گوگل پر سرچ کیا گیا ان کی فہرست دیکھ اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ لوگوں نے شوبز، سیاست اور سماجی رہنماؤں کو سرچ کیا ان میں وہ شخصیات بھی شامل ہیں جو اب ہم میں نہیں رہے۔
پاکستان سے تعلق رکھنے والی شخصیات
عبدالستارایدھی
معروف سماجی کارکن اورایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ عبدالستار ایدھی اپنے سماجی کاموں کے باعث عالمی شہرت رکھتے تھے،وہ پہلے پاکستانی شخصیت تھے جنہوں نے ملک میں پہلی نجی ایمبولینس سروس کا آغاز کیا اور لاوارث لاشوں کو اُٹھانے اور تجہیز و تدفین کی ذمہ داری بھی اُٹھی جب کہ لاوارث بچوں کی پرورش، اور ذہنی امراض میں مبتلا افراد کی دیکھ بھال کے لیے اپنی نوعیت کے منفرد پروجیکٹس شروع کیئے ۔
عبدالستار ایدھی رواں سال 88 سال کی عمر میں خالقَ حقیقی سے جاملے وہ گردے کے عارضہ میں مبتلا تھے انہیں حکومت اور کئی مخیر افراد کی جانب سے بیرون ملک علاج کی پیشکش کی گئی لیکن انہوں نے علاج معالجے کے لیے اپنے وطن کو ہی چنا ۔
امجد صابری
کراچی سے تعلق رکھنے والے معروف قوال امجد صابری کو رمضان ٹرانشمیشن میں شرکت سے واپسی پر لیاقت آباد کے علاقے میں دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا انہیں شدید زخمی حالت مین اسپتال منتقل کیا گیا تا ہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔
امجد صابری روایتی قوالی میں جدید موسیقی کے امتزاج کے سرخیل تھے اس کے علاوہ وہ اپنے شہر کی معروف سماجی شخصیت بھی تھے انہوں نے کئی بین الاقوامی موسیقاروں کے ساتھ مل کے بھی کام کیا ان کی پڑھی گئی قوالیاں دنیا بھرمیں ذبان زد عام ہیں۔
قندیل بلوچ
سوشل میڈیا کے ذریعے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی ماڈل قندیل بلوچ کو اس سال کے آغاز میں مبینہ طورپرغیرت کے نام پران کے بھائی نے قتل کردیا گیا تھا۔
قندیل بلوچ اپنے متنازعہ لباس ، قابل اعتراض ماڈلنگ اور سوشل میڈیا پر سیاسی شخصیات کو شادی کی پیشکش کرنے کے حوالے سے ہمیشہ خبروں کی زینت بنتی رہیں جب کہ ان کے قتل کی خبر بھی بڑی خبربن گئی ۔
ممتاز قادری
گورنر پنجاب سلمان تاثیر کو 2011 میں فائرنگ کر کے ہلاک کرنے والے ممتاز قادری کو اس سال عدالت کی جانب سے دی گئی سزائے موت پر پھانسی دی گئی ان کے نمازہ جنازہ میں لاکھوں افراد نے شرکت کی اور بعد ازاں اسلام آباد سمیت ملک کے ہر بڑے شہر میں سخت احتجاج بھی کیا گیا تھا ۔
مومنہ مستحسن
پاکستانی گلوکارہ مومنہ مستحسن کو شہرت کی بلندی کوک اسٹوڈیو میں آفرین آفرین گانے کی ویڈیو ریلیز ہونے کے بعد ملی جس کے بعد وہ شوبز کی مشہور شخصیت بن گئی اور گوگل میں سرچ کی جانے والی پاکستانی اہم شخصیات میں جگہ بنا لی۔
مومنہ مستحسن کی شادی کے حوالے سے متضاد خبروں نے بھی انہیں خبروں میں زندہ رکھا یہی وجہ ہے جیسے ہی ان کہ منگنی خبر اور تصاویرشائع ہوئیں جسے گوگل پر کافی لوگوں کی جانب سے سرچ کیا گیا۔
غیر ملکی شخصیات
ڈونلڈ ٹرمپ
سال 2016 میں ہونے والے امریکی صدر کے لیے انتخابات کا جادو پاکستانیوں پربھی سرچڑھ کے بولتا رہا ، پاکستان اور مسلمان مخالف بیانات سے شہرت پانے والے ڈونلڈ ٹرمپ کو پاکستانی صارفین کی کثیر تعداد نے سرچ کیا اوران سے متعلق خبروں، معلومات اور خیالات تک رسائی حاصل کی۔
ہیلری کلنٹن
امریکی صدارتی انتخاب اس سال گرم ترین خبر رہی ہیں یہی وجہ ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے مد مقابل حریف ہیلری کلنٹن کو بھی پاکستان سے تعلق رکھنے والے گوگل صارفین نے بڑی تعداد میں سرچ کیا، پاکستانی صارفینن نے ہیلری کلنٹن سے متعلق خبروں اور معلومات سے آگاہی حاصل کی۔
میلا نیا ٹرمپ
نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کو بھی پاکستانی صارفین نے گوگل پر سرچ کیا، میلانیا امریکی صدر کی اہلیہ بننے سے قبل معروف ماڈل کی حثیت سے بھی کافی شہرت رکھتی تھیں اور اب اپنے سماجی کاموں کی وجہ سے لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں ۔
ڈی جے براوو
اپنے گانے چمپیئن سے بام شہرت کو چھونے والے ڈیوائن براوو کو بھی پاکستانی عوام نے گوگل پر سرچ کیا کئی صارفین نے ان کے نغمے ڈاون لوڈ کیئے اور ان کی موسیقی سے محظوظ ہوئے جب کہ لوگوں کی کثیر تعداد نے ان کی ذاتی زندگی کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
پرتُیوشا بنرجی
بھارتی ٹیلی ویژن کے معروف پروگرام بگ باس سے شہرت حاصل کرنے والی پرتُیوشا بنرجی نے اپریل 2016 میں مبینہ طور پر اپنے گھر میں خود کشی کر لی تھی، اس خبر کے عام ہوتے ہیں گوگل پر پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے انہیں سرچ کیا اور ان سے متعلق خبروں کو پڑھا۔