بیجنگ (8 جنوری 2026): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ پاکستانی پولیس افسران کو تربیب کے لیے چین بھیجا جائے گا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بیجنگ پولیس کالج کا دورہ کیا اور وہاں ہائی ٹیک ٹریننگ سیکشنز کا معائنہ کیا۔ انہوں نے بیجنگ پولیس کی گاڑیوں سے ملزمان کی گرفتاری کا عملی مظاہرہ دیکھا اور ان کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔
اس موقع پر وزیر داخلہ نے کہا کہ وہیکلز اسکواڈ کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں اور تربیت دیکھ کر متاثر ہوا ہوں۔ نیشنل پولیس اکیڈمی اور بیجنگ پولیس کالج کے درمیان معاہدہ کیا جائے گا اور باہمی تعاون بڑھایا جائے گا۔
اس معاہدے کے تحت پاکستانی پولیس افسران کو جدید تقاضوں کے مطابق تربیت دی جائے گی اور نیشنل پولیس اکیڈمی کے تمام اے ایس پیز ایک ماہ کی ٹریننگ کے لیے بیجنگ آئیں گے۔
اس موقع پر وزیر داخلہ نے ڈرائیونگ ٹیسٹ کی جدید سمیولیٹر مشین بھی چلائی۔ صدر بیجنگ پولیس کالج نے ہائی ٹیک ٹریننگ سسٹم جیسی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعہ مظاہروں، تشدد اور جرائم سے نمٹنے پر بریفنگ دی گئی۔
صدر بیجنگ پولیس کالج نے بتایا کہ یہاں ٹیکنالوجی بیسڈ تعلیمی اور عملی تربیت دی جاتی ہے اور اے آئی کی ٹریننگ بھی دی جاتی ہے۔ کالج میں 12 فیکلٹیز، 400 سے زائد اساتذہ اور 50 فیصد پی ایچ ڈی ہیں۔


