پیر, فروری 17, 2025
اشتہار

روڈ ٹو مکہ منصوبہ، سعودی اور پاکستانی ماہرین نے انتظامات کا جائزہ لیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: روڈ ٹو مکہ منصوبہ کے تحت پاکستانی، سعودی حکام نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر انتظامات کا جائزہ لیا، سعودی، پاکستانی ماہرین کو امیگریشن عملے نے ایئرپورٹ پر تفصیلی بریفنگ دی۔

تفصیلات کے مطابق روڈ ٹو مکہ منصوبہ کے تحت پاکستانی، سعودی حکام نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر انتظامات کا جائزہ لیا اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر ارباب شہزاد، سعودی ڈی جی امیگریشن، سیکریٹری مذہبی امور میاں مشتاق، سیکریٹری سی اے اے، سعودی سفیر بھی موجود تھے۔

سعودی حکام نے کہا کہ روڈ ٹو مکہ سعودی حکومت کے وژن 2030 میں شامل اہم اقدام ہے، ای ویزہ، کسٹم، امیگریشن کے مراحل اپنے ملک میں طے پائیں گے، اس منصوبے کا آغاز گزشتہ سال ملائیشیا اور انڈونیشیا میں کیا تھا۔

سعودی حکام کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان کو روڈ ٹو مکہ منصوبے میں شامل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

پاکستانی حکام کا کہنا تھا کہ پاکستان کو منصوبے میں شامل کرنے کے لیے وزیراعظم عمران خان نے ذاتی دلچسپی ظاہر کی، اسلام آباد ایئرپورٹ کو پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر حج 2019 کے لیے منتخب کیا۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کا وژن روڈ ٹو مکہ منصوبہ تاریخی حیثیت اختیار کرگیا

حکام نے کہا کہ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں پاکستان کی شمولیت دراصل دیرینہ تعلقات کا مظہر ہے، پائلٹ پراجیکٹ کی کامیابی کے بعد روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کا دائرہ کار پھیلایا جائے گا۔

امیگریشن حکام کے مطابق 22 ہزار عازمین کے ای ویزہ، کسٹم، امیگریشن کو یقینی بنائیں گے، منصوبے کے تحت عازمین کا سامان براہ راست رہائشگاہوں تک پہنچادیا جائے گا۔

یاد رہے وزیراعظم عمران خان روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کا افتتاح پانچ جولائی کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر کریں گے جبکہ پہلی حج پرواز اسی روز عازمین کو لے کر روانہ ہوگی۔

خیال رہے وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد سے پاکستان کو روڈ ٹو مکہ میں شامل کرنے کی درخواست کی تھی، روڈ ٹو مکہ منصوبہ کے تحت رواں سال 90 فیصد پاکستانی عازمین حج کی امیگریشن پاکستان میں ہو گی۔

اہم ترین

محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں

مزید خبریں