ماسکو: روس میں ہونے والے فارمولا الیکٹرک گاڑیوں کے مقابلے میں پاکستانی طالب علموں کی تیار کی جانے والی فارمولا الیکٹرک گاڑی نے دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔
کراچی کی انجینئرنگ یونیورسٹی کے 35 طالب علموں جن میں پانچ طالبات بھی شامل ہیں نے فارمولا الیکٹرک کار تیار کی، جس میں ڈرائیور کا بیٹھنا لازمی ہے۔
ان پرعزم طلبا نے اس کار کو روس میں ہونے والے مقابلوں میں پیش کیا، جہاں بہترین ڈیزائن سمیت دیگر کیٹگریز میں فارمولا گاڑی کو ماہرین نے اچھے نمبرز دیے اور یوں طالب علم نمایاں کارکردگی دکھانے میں کامیاب ہوئے۔
مجموعی طور پر پاکستان کی فارمولا الیکٹرک گاڑی نے روس میں ہونے والے مقابلے میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں فارمولا کار تیار کرنے والے نجی یونیورسٹی کے طالب علم عذیر مدثر اور سعد احمد نے شرکت کی۔ سعد احمد آپریشن آفیسر اور عذیر مدثر اس پروگرام کے انجینئر ہیں۔
عذیر نے کہا کہ ’’ہم نے اس گاڑی کی تیاری کے دوران بہت کچھ سیکھا، ہماری کوشش تھی کہ پاکستان کے مثبت چہرے کو دنیا کے سامنے اجاگر کریں، ویسے بھی دنیا میں ٹیکنالوجی کا گراف بہت تیزی سے اوپر جارہا ہے، ایسے میں پاکستان کی نمائندگی کی عالمی سطح پر ضرورت تھی‘۔
’ہم نے دنیا کو یہ پیغام دینے کی کوشش کی کہ پاکستان میں بھی ایسے نوجوان موجود ہیں، جن کے پاس نہ صرف صلاحیت ہے بلکہ اُن میں آگے بڑھنے کا جذبہ بھی ہے‘۔