اسلام آباد : اقوام متحدہ کے کمیشن برائے انسانیت کی ہائی کمشنر روبینہ علی نے کہا ہے کہ پاکستانی خواتین انتہائی باصلاحیت ہیں جو ملک کی سماجی اور اقتصادی ترقی میں بنیادی کردار ادا کر سکتی ہیں۔
اسلام آباد ویمن چیمبر کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواتین کی ترقی کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے تاکہ وہ معاشرے میں اپنا کارآمد کردار ادا کر سکیں۔
روبینہ علی نے مزید کہا کہ صحت تعلیم امن اور کاروباری سرگرمیوں کا فروغ ہماری ترجیحات میں شامل ہیں تاکہ غربت کا خاتمہ ممکن ہو۔
انہوں نے بتایا کہ اگست میں اسلام آباد میں عالمی نمائش منعقد کی جارہی ہے، جس میں اٹھائیس ممالک کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے، جس سے مقامی مصنوعات کو فروغ ملے گا اور ملک کا امیج بھی بہتر ہو گا، تاجر خواتین کو بلاسود قرضے بھی دئیے جائیں گے تاکہ وہ اپنا کاروبار بہتر اور اس میں توسیع کر سکیں۔
اس موقع پر ثمینہ فاضل نے کہا کہ خواتین کو با اختیار بنانے کی کوششوں میں ہر ممکن تعاون کیا جائے گا،حکومت کی جانب سے خواتین کو با اختیار بنانے کے لئے نئے قوانین بنانے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔