اسلام آباد : سال 2025 میں خلیجی ممالک سے ڈی پورٹ پاکستانیوں کی تفصیلات سامنے آگئیں، سب سے زیادہ سعودی عرب سے پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزارت اوورسیز پاکستانیز اینڈ ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ نے قومی اسمبلی میں خلیجی ممالک سے ڈی پورٹ ہونے والے پاکستانیوں کی تفصیلات جمع کرادیں۔
جس میں بتایا کہ 2025 میں خلیجی ممالک سے 38 ہزار 616 پاکستانی ڈی پورٹ ہوئے، ڈی پورٹ افراد غیر قانونی قیام، ویزہ خلاف ورزی اوردیگر جرائم میں ملوث پائے گئے
اعدادو شمار کے مطابق بحرین سے 786، کویت سے 163، عمان سے 2 ہزار 537 پاکستانی ، سعودی عرب سے27 ہزار 692، یو اے ای سے 6 ہزار 794 اور قطر سے 644 پاکستانی ڈی پورٹ کیے گئے۔
وزارت اوورسیز کا کہنا تھا کہ 2025 میں ہزاروں پاکستانی شہری مختلف ممالک سے بھیک مانگنے یا امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی کے الزام میں واپس بھیجے گئے۔
ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے نے کمیٹی کو بتایا کہ سال 2025 میں 51,000 پاکستانی شہری کو بیرون ملک سفر کی کوشش کے دوران پاکستانی ہوائی اڈوں پر روک لیا گیا۔
ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے نے مزید بتایا کہ سعودی عرب نے 24,000 پاکستانیوں کو بھیک مانگنے کے الزام میں ڈی پورٹ کیا، جبکہ دبئی نے 6,000 اور آذربائیجان نے تقریباً 2,000 پاکستانی شہریوں کو واپس بھیجا۔
کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ بھیک مانگنے میں ملوث پاکستانی شہریوں کی واپسی سے پاکستان کی ساکھ متاثر ہوتی ہے، اس کے علاوہ بعض افراد عمرہ کے بہانے یورپ جانے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن ان کے دستاویزات میں تضاد پایا جانے پر پاکستانی ہوائی اڈوں پر انہیں سفر سے روک دیا جاتا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


