اوپن اے آئی کا بائیو سیکیورٹی پروگرام کے تحت پاکستانی ریسرچرز کے لیے 50 ہزار ڈالر کا انعام جیتنے کا سنہری موقع آگیا ، جس کے لئے درخواست دینے کا طریقہ اور اہم شرائط سامنے آگئیں۔
تفصیلات کے مطابق دنیا کی معروف آرٹیفیشل انٹیلیجنس کمپنی اور چیٹ جی پی ٹی کی خالق ‘اوپن اے آئی’ نے پاکستانی سیکیورٹی اور بائیو سیکیورٹی ماہرین کے لیے ایک شاندار موقع کا اعلان کیا۔
کمپنی نے اپنے جدید ترین AI ماڈلز کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے جاری خصوصی ‘بائیو بگ باؤنٹی پروگرام’ کے دائرہ کار کو وسیع کرتے ہوئے انعامی رقم کو دوگنا کر کے 50,000 امریکی ڈالرز (تقریباً 1 کروڑ 40 لاکھ پاکستانی روپے) کر دیا ہے۔
خوش آئند بات یہ ہے کہ اوپن اے آئی نے اس پروگرام کے لیے پاکستان کو اہل ممالک کی فہرست میں شامل کیا ہے، جس کے بعد پاکستانی ریسرچرز اور سائبر سیکیورٹی کے ماہرین بھی اس خصوصی مہم کا حصہ بننے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
بگ باؤنٹی پروگرام کیا ہے اور کیا کرنا ہوگا؟
یہ ایک پرائیویٹ اور مخصوص پروگرام ہے، جس کا مقصد کمپنی کے سب سے طاقتور اور مستقبل کے ماڈلز (جیسے GPT-5.6) کو حیاتیاتی خطرات کے غلط استعمال سے محفوظ بنانا ہے۔
منتخب کردہ ماہرین کو ان ماڈلز میں ایک ‘یونیورسل جیل بریک’ تلاش کرنا ہوگا، یونیورسل جیل بریک سے مراد ایک ایسی تکنیک یا پرامپٹ (Prompt) ہے، جو ماڈل میں بائیوسیکیورٹی کے لیے لگائے گئے تمام حفاظتی فلٹرز کو مستقل طور پر بائی پاس کر سکے۔ محض کسی ایک آدھ سوال کا توڑ نکالنا اس انعام کے لیے کافی نہیں ہوگا۔
اہم شرائط اور طریقہ کار
یہ پروگرام ہر عام صارف کے لیے نہیں ہے بلکہ اس میں صرف وہی لوگ حصہ لے سکتے ہیں جو AI ریڈ ٹیمنگ (Red Teaming)، سائبر سیکیورٹی، بائیوسیکیورٹی یا اس سے متعلقہ تکنیکی شعبوں میں تجربہ رکھتے ہوں۔
درخواست کا طریقہ
دلچسپی رکھنے والے ماہرین کو اوپن اے آئی کے مخصوص پورٹل پر جا کر اپنا نام، ملک (پاکستان)، الحاق اور متعلقہ تجربے کی تفصیلات جمع کرانی ہوں گی تاہم درخواست گزار کا پہلے سے چیٹ جی پی ٹی اکاؤنٹ ہونا لازمی ہے۔
درخواستوں کا جائزہ لینے کے بعد اوپن اے آئی صرف منتخب ماہرین کو اس خفیہ پروگرام تک رسائی دے گی، جنہیں کام شروع کرنے سے پہلے ایک نان ڈسکلوژر ایگریمنٹ (NDA) پر دستخط کرنا ہوں گے۔
پرانے ماڈل (GPT-5.5) پر ٹیسٹنگ کی آخری تاریخ 27 جولائی 2026 ہے، جس کے بعد صرف فلیگ شپ ماڈل GPT-5.6 ہی اس پروگرام کا حصہ رہے گا۔
انعام کی تفصیلات
اوپن اے آئی کے مطابق جی پی ٹی 5.5 یا جی پی ٹی 5.6 میں کامیاب ‘یونیورسل جیل بریک’ کی نشاندہی کرنے پر مکمل $50,000 کا انعام دیا جائے گا، تاہم جزوی طور پر سیکیورٹی خامیوں کی نشاندہی کرنے والے ماہرین کو بھی کمپنی اپنی صوابدید پر چھوٹی رقوم بطور انعام دے سکتی ہے۔
پاکستانی ٹیکنالوجی کے ماہرین اور محققین کے لیے یہ نہ صرف ایک خطیر رقم جیتنے کا بہترین موقع ہے، بلکہ عالمی سطح پر اپنے ہنر اور قابلیت کا لوہا منوانے کا بھی ایک بہترین پلیٹ فارم ہے۔


