کراچی (14 اگست 2026): پاکستان کا 79 واں یوم آزادی ملک بھر میں ملی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے گلی گلی ملی نغمے گونج رہے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وطن عزیز پاکستان کا 79 واں یوم آزادی ملک بھر اور آزاد کشمیر میں بھرپور ملی جوش وجذبے اور اس عہد کی تجدید کے ساتھ منایا جا رہا ہے کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی، تحفظ اور استحکام کے لیے پوری قوم متحد ہو کر کام کرے گی۔
جشن آزادی کے موقع پر ملک بھر کی مساجد میں دن کا آغاز قرآن خوانی سے ہوا۔ نماز فجر کے وقت پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کیلیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔ علمائے کرام نے یوم آزادی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جب کہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ سلامی کے بعد مسلح افواج کے جوانوں کے نعرہ تکبیر سے فضا گونج اٹھی۔ مساجد میں ملک وقوم کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
کراچی میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی جب کہ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور گورنر نہال ہاشمی نے مزار پر حاضری دے کر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر مختلف اسکول کے بچوں نے ملی نغمے پیش کیے۔
یوم آزادی کے موقع پر ڈویژنل اور ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر پرچم کشائی کی تقریبات منعقد گئیں۔ سرکاری اور نجی اسکولوں، ٹاؤن میونسپل دفاتر اور کئی سرکاری اداروں میں بھی پرچم کشائی اور جشن آزادی کی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
اس سے قبل رات کے 12 بجتے ہی ملک بھر میں خوبصورت آتشبازی کی گئی اور فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔ منچلوں نے ریلیاں نکالیں اور کئی مقامات پر ہوائی فائرنگ کر کے جشن منایا گیا۔
دوسری جانب جشن آزادی کی خوشی میں شہر شہر قریہ قریہ میں چراغاں ہو رہا ہے۔ سرکاری، نیم سرکاری، نجی عمارتوں کو برقی قمقموں سے خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔ محلوں کو جھنڈوں، جھنڈیوں اور آرائشی سامان سے آراستہ کیا گیا ہے۔
ہر شہر اور قصبے کے گلی کوچوں میں ملی نغمے گونج رہے ہیں۔ شہر شہر وطن کی محبت میں ریلیاں اور تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ جہاں مقررین نے تحریک پاکستان کے جانثاروں کی لازوال قربانیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے آزادی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔


