تازہ ترین

رضوان نے پاکستان کو کامیابی دلوادی، جنوبی افریقہ کو شکست

جوہانبسرگ: محمد رضوان کی جارحانہ اننگز کی بدولت پہلے ٹی ٹوینٹی میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔

تفصیلات کے مطابق پہلے ٹی ٹوینٹی میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کی جانب سے دیا جانے والا 189 رنز کا ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، محمد رضوان نے 74 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

محمد رضوان کی 74 رنز کی اننگز میں 2 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے، بابر اعظم نے 14 رنز بنائے، فخر زمان 27 رنز بنا کر تبریز شمسی کا نشانہ بنے۔

محمد حفیظ نے 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، حیدر علی نے 14 رنز کی اننگز کھیلی، محمد نواز بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

فہیم اشرف 14 گیندوں پر 30 رنز بنا کر نمایاں رہے، حسن علی نے ناٹ آؤٹ 9 رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے بیرن ہینڈرکس نے تین وکٹیں حاصل کیں، تبریز شمسی دو اور ولیمز ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

قبل ازیں جوہانبسرگ میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوینٹی میچ میں جنوبی افریقہ نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز بنائے اور گرین شرٹس کو جیت کے لیے 189 رنز کا ہدف دیا تھا، کپتان کلیسن نے 50 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی تھی۔

جنوبی افریقی اوپنر ملان 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ایڈن مرکرام نے 51 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، لوبے 4 رنز بنا کر حسن علی کا نشانہ بنے۔

کپتان ہینرک کلاسن نے 28 گیندوں پر 50 رنز کی اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 4 چھکے اور دو چوکے شامل تھے، بلجون 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جارج لندے کو 6 رنز پر حارث رؤف نے پویلین بھیجا۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی اور محمد نواز نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

اس سے قبل پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان جاری ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں پروٹیز کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں محمد رضوان ، فخرزمان، محمد حفیظ، حیدر علی، محمد نواز، فہیم اشرف سمیت حسن علی، عثمان قادر، شاہین آفریدی اور حارث رؤف کو شامل کیا گیا ہے۔

پروٹیز کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں فخر زمان کے ساتھ وکٹ کیپر محمد رضوان اوپننگ کرینگے جبکہ مڈل آرڈر بلے بازمحمد حفیظ آج اپنے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کا 100 واں میچ کھیل کر تاریخ رقم کرینگے۔

اب تک دونوں ٹیموں کے مابین کھیلے گئے ٹی ٹونٹی میچوں میں سے 9 میں جنوبی افریقہ جبکہ ‏‏8 میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی، اس تناظر میں یہ سیریز پاکستان کے لیے برتری حاصل کرنے ‏کا بہترین موقع بھی ہے۔

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پاکستان کی ٹیم فی الحال 260 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے جبکہ ‏میزبان جنوبی افریقہ 251 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر موجود ہے۔ اس فہرست میں انگلینڈ ‏‏(272)کا پہلا، بھارت (270) کا دوسرا جبکہ آسٹریلیا (267) کا نمبر تیسرا ہے۔

مہمان ٹیم اگر سیریز کے چاروں میچز جیت جاتی ہے تو آئی سی سی رینکنگ میں ان کے پوائنٹس ‏کی تعداد 264 ہوجائے گی تاہم اگر نتائج اس کے برعکس ہوتے ہیں تو پھر جنوبی افریقہ کی ٹیم ‏آئی سی سی رینکنگ میں چوتھے اور پاکستان چھٹے نمبر پر چلا جائے گا۔

Comments

- Advertisement -