پاکستان کی فاسٹ بولنگ کے ڈنکے بج گئے اور ماہرین کرکٹ اس بولنگ اٹیک کو بھارت میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ کے لیے خطرے کی گھنٹی قرار دے دیا۔
پاکستان کا بولنگ اٹیک دنیا کی تمام ٹیموں میں سب سے مضبوط پہلے ہی تھا لیکن افغانستان کے خلاف پہلے ایک روزہ میچ میں قومی بالرز بالخصوص حارث رؤف کی تباہ کن بولنگ کے بعد دنیائے کرکٹ میں پاکستانی فاسٹ بولنگ کے ڈنکے بج گئے ہیں اور اب ماہرین کرکٹ نے اسے ڈیڑھ ماہ بعد بھارت میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ میں تمام مخالف ٹیموں کے لیے خطرے کی گھنٹی قرار دے دیا ہے۔
’تم کتنے فاسٹ بولر کھیلو گے ہمارا تو ہر فاسٹ بولر ہی تباہ کن ہے‘ کے مصداق ایک یا دو نہیں پاکستان کا فاسٹ بولنگ اٹیک دنیا کا مضبوط ترین اٹیک ہے جس کو شاداب خان اور محمد نواز کی صورت میں اسپنرز کا تڑکہ مزید تباہ کن بنا دیتا ہے۔
پہلے تو شاہین شاہ آفریدی ہی مخالف بلے بازوں پر قہر بن کر ٹوٹتے تھے مگر پھر نسیم شاہ غصبناک ہوئے اور اس کے بعد حارث رؤف نے خوف کے بگل بجا دیے۔ ایسا ہی کچھ دو روز قبل کھیلے گئے پاک افغان میچ میں بھی ہوا۔
اس میچ میں پاکستانی بولنگ اٹیک نے جس طرح لو اسکورنگ میچ کا نہ صرف کامیابی سے دفاع کیا بلکہ حریف ٹیم کو 59 رنز کے کم ترین اسکور پر ڈھیر کر کے تاریخ ساز کامیابی سمیٹی اس نے ماہرین کرکٹ کو بھی ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے۔
بھارتی کمنٹیٹر ہارشا بھوگلے نے کہا کہ پاکستان کی فاسٹ بولنگ نے ورلڈ کپ سے پہلے ہی مخالف ٹیموں کو خطرناک سگنل دے دیا ہے۔ جن سے اب تمام ٹیموں کو ہوشیار رہنا ہوگا۔
بھارتی صحافی سُشانت مہتا جو اکثر پاکستان کرکٹ پر جلی بجھی متنازع باتیں کرنے کے حوالے سے مشہور ہیں ان پر بھی پاکستانی فاسٹ بولرز نے اپنی دھاک بٹھا دی اور وہ بھی کہہ اٹھے کہ پاکستان نے دکھا دیا کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔
ویسٹ انڈین کمینٹیٹر ای این بشپ تو پیشگوئی کر چکے ہیں کہ حارث رؤف تباہ کن ہے جو آئندہ 12 ماہ میں مخالف ٹیم میں مزید تباہی پھیلائے گا۔
سابق چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی اور کمنٹیٹر رمیز راجا نے مردہ پچوں پر نا قابل فراموش فاسٹ بولنگ کو پاکستانی بولرز کا کمال قرار دے دیا ہے۔
صرف ماہرین ہی نہیں بلکہ سابق وزیراعظم شہباز شریف بھی قومی فاسٹ بولرز کی صلاحیتوں کے معترف ہیں اور انہوں نے اپنے ٹویٹ میں پاکستان بولنگ اٹیک کو دنیا کا بہترین اٹیک قرار دیا ہے۔
The best bowling attack in the world! https://t.co/wcLFYmLIUk
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) August 23, 2023
ایسی کاٹ دار بولنگ کے مخالفوں کے میدان میں آنے سے پہلے پسینے چھوٹنے لگیں اس پر تو ورلڈ کپ تک تو یہی کہا جا سکتا ہے کہ ’’او شالہ نظر نہ لگے‘‘۔