کراچی : پاکستان کے سونے کے ذخائر کی مجموعی مالیت 10.374 ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملک کے سونے کے ذخائر کے حوالے سے نئے اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں، جس کے تحت پاکستان کے سونے کے ذخائر کی مجموعی مالیت 10.374 ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات میں بتایا گیا کہ پاکستان کے پاس اس وقت 64.76 ٹن سونا موجود ہے، اگر اسے تولہ اور اونس میں دیکھا جائے تو یہ 20 لاکھ 82 ہزار اونس بنتا ہے، جو مقامی پیمانے کے مطابق تقریباً 55 لاکھ 52 ہزار تولے سونا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صرف جنوری 2026 کے ایک ماہ کے دوران سونے کے ذخائر کی مالیت میں 1.279 ارب ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
مزید برآں، رواں مالی سال کے پہلے سات مہینوں کے دوران ان ذخائر کی قیمت میں مجموعی طور پر 3.5 ارب ڈالر کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق، جون 2025 میں پاکستان کے سونے کے ذخائر کی مالیت 6.84 ارب ڈالر تھی، جو اب بڑھ کر 10 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافے اور اسٹیٹ بینک کی بہتر حکمت عملی کی وجہ سے ذخائر کی مالیت میں یہ مثبت رجحان دیکھا جا رہا ہے، جو ملکی معیشت کے لیے ایک خوش آئند علامت ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


