تازہ ترین

پاکستان کی امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے، ملیحہ لودھی

نیویارک : پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے بھارتی اشتعال انگیزی سے متعلق کہا ہے کہ پاکستان امن کا داعی ہے مگر ہماری امن پسندی کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کی بزدل افواج کی جانب سے پاکستان حدود کی خلاف ورزی اور اشتعال انگیزی پر اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ پاکستانی حدود کی خلاف ورزی پر پاکستان جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کو انٹرویو دیتے ہوئے بھارتی اشتعال انگیزی کے جواب میں پاکستان کی حکمت عملی سے آگاہ کیا، انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ میں امن مشن کی سفارتی کوششیں اور عالمی میڈیا سے رابطے جاری ہیں۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب کا کہنا تھا کہ دنیا کو سمجھا چاہیے کہ کون امن کے ساتھ ہے اور امن و امان کی صورتحال کو بگاڑ رہا ہے، دنیا کو دیکھنا چاہیے کہ کون خطے کو خطرات کی جانب دھکیلنا چاہتا ہے۔

مزید پڑھیں : لائن آف کنٹرول پر بھارت کی دراندازی، پاک فوج کا منہ توڑ جواب

یاد رہے کہ گزشتہ روز رات گئے بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک بار پھر بلااشتعال فائرنگ کی جس کے جواب میں اگلے مورچوں پر تعینات پاک فوج کے جوانوں نے بھرپور جواب دیا۔

بھارتی فوج کی جانب سے آزاد کشمیر کے علاقے کوٹلی میں لائن آف کنٹرول پر بلاشتعال فائرنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں 3 خواتین اور ایک بچے سمیت چار افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 11 شہری زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق بھارتی فوج نے مختلف سیکٹرز پر ایل او سی سے متصل شہری آبادی کو نشانہ بنایا، اطلاعات ہیں کہ کشمیر کے علاقے درہ شیر خان، بھمبر، جھمپ سیکٹر کے پہاڑی علاقوں پر گولہ باری کی گئی۔

مزید پڑھیں: لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی، پاک فضائیہ کا بھرپور جواب، بھارتی طیارے بھاگ گئے

واضح رہے کہ گزشتہ رات بھارتی ایئرفورس کی لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرنے پر پاک فضائیہ نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی طیاروں کو بھاگنے پر مجبور کردیا تھا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارتی دراندازی کے واقعے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا تاہم پاک فضائیہ کی بروقت اور موثر کارروائی کے بعد بھارتی طیارے فرار ہوگئے۔

یاد رہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت انتظار کرے، اس جارحیت کا ضرور جواب دیا جائے گا، بھارت نے جنگ کے راستے پر چلنے کی کوشش کرکے ثابت کیا کہ وہ جمہوری ملک نہیں ہیں۔

Comments

- Advertisement -