اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ پاکستان نے افغانستان کو انتخابات کے کام یاب انعقاد پر مبارک باد پیش کی۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے پاکستان نے افغانستان کو انتخابات کے کام یاب انعقاد پر مبارک باد پیش کی، صدارتی انتخابات پر افغان عوام مبارک باد کے مستحق ہیں۔
انھوں نے کہا افغان عوام نے جمہوری عمل کو جاری رکھنے کے حق میں فیصلہ کیا، توقع ہے نئی افغان حکومت جلد وجود میں آ جائے گی۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا نئی حکومت مکمل مینڈیٹ کے ساتھ امن کے عمل کو آگے بڑھائے گی، افغان مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانا ضروری ہے، پاکستان نئی حکومت کے ساتھ دیرپا امن کے لیے مکمل تعاون کرے گا۔
تازہ ترین: افغان صدارتی انتخابات، پولنگ اسٹیشن کے باہر دھماکا، متعدد افراد زخمی
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستا ن میں دیرپا امن کا خواہاں ہے، افغانستان میں دیرپا امن خطے میں دیرپا امن کی کنجی ہے۔
واضح رہے کہ آج خانہ جنگی کے شکار افغانستان میں طالبان کی دھمکیوں کے باوجود صدارتی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل مکمل کیا گیا، پولنگ کے دوران ملک بھر میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔
خدشات کے مطابق آج پولنگ کا عمل شروع ہونے کے کچھ ہی دیر بعد افغانستان کے جنوبی صوبے قندھار میں پولنگ اسٹیشن پر زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 15 افراد زخمی ہوئے۔
صدارتی انتخابات سے قبل طالبان نے افغانستان میں پولنگ کے دن حملے کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ عوام انتخابات کے دن گھروں سے باہر نہ نکلیں۔