پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم نے ورلڈ کپ میں پاکستان کے سو اہم میچز سے قبل بڑی پیشگوئی کی ہے۔
نجی چینل کے اسپورٹس شو میں آل راؤنڈر عماد وسیم نے کہا کہ پاکستان کی فیلڈنگ اچھی ہوئی ہے، پاکستان انگلینڈ اور نیوزی لینڈ سے جیت سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے میچ کا پریشر کچھ اور ہی ہوتا ہے لیکن اگر ہماری ٹیم اسی فارم میں رہی تو ہم دونوں میچز آسانی سے جیت سکتے ہیں۔
سابق کرکٹر عبد الرزاق نے گزشتہ روز بھارت اور سری لنکا کے درمیان ہونے والے مقابلے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا کا پہلے بیٹنگ نہ کرنے کا فیصلہ ٹھیک تھا، سری لنکا کی بولنگ،بیٹنگ، فیلڈنگ اچھی نہیں تھی۔
یاد رہے کہ ورلڈکپ کے 33 ویں میچ میں بھارت نے سری لنکا کو یکطرفہ مقابلے میں 302 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم نے ورلڈ کپ میں 7 میچز کھیلے ہیں جن میں تین میں کامیابی حاصل ہوئی اور چار میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستانی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر 6 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہے، پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے دوسری ٹیموں کی شکست اور رن ریٹ کا انتظار کرنا پڑے گا۔