لاہور: ہائی کورٹ نے پاناما لیکس کی تحقیقات اور وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف کی نااہلی کی درخواستوں پر سماعت کے لیے فل بینچ تشکیل دے دیا، جو آئندہ ہفتے سے درخواستوں کی سماعت کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق لا ہو ر ہا ئی کورٹ نے پانامالیکس کی تحقیقات اوروزیراعظم کی نااہلی کی درخواستوں پرفل بینچ تشکیل دے دیا جس کی سربراہی جسٹس محمود مرزا کریں گے جبکہ بینچ کے دیگر اراکین میں جسٹس شہباز رضوی اور جسٹس وقاص رؤف کو بھی شامل کیا گیا ہے۔خصوصی بینچ آئندہ ہفتے سے درخواستوں پر سماعت کرے گا ۔
درخواست گزار نےعدالت مؤقف اختیار کیا ہے کہ پاناما لیکس کے اسکینڈل میں شریف برادران اور اُن کے خاندان سمیت سیاستدانوں اور دیگر کاروباری شخصیات کی کرپشن کا انکشاف ہوا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملکی دولت لوٹ کر بیرونِ ملک آف شور کمپنیاں قائم کی گئیں ہیں۔
پڑھیں: سپریم کورٹ پانامہ لیکس پردرخواستوں کی سماعت کرے گی
مزید پڑھیں: پانامالیکس تحقیقات کےلیےدائردرخواستیں سماعت کے لیےمنظور
درخواست گزاروں کی جانب سے عدالت سے استدعاکی گئی ہے کہ پانامہ لیکس کے حوالے سے قومی احتساب بیورو، ایف آئی اے، الیکشن کمیشن اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو جامع تحقیقات کا حکم دیا جائے اور بیرونِ ملک رقم منتقل کرنے سمیت بیرونِ ملک بنائےگئے اثاثے چھپانے پر وزیر اعظم کو نااہل قرار دیا جائے۔
قبل ازیں تحریک انصاف سمیت دیگر افراد کی جانب سے سپریم کورٹ میں پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیےدرخواستیں دائر کی گئیں تھیں جنہیں رجسٹرار کی جانب سے لگائے گئے اعتراضات پر چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی نے سماعت کرتے ہوئے ختم کر کے سماعت کے لیے منظور کرلیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: عوام پی ٹی آئی کے شانہ بشانہ اسلام آباد پہنچیں گے، عمران خان
دوسری جانب تحریک انصاف کی جانب سے پاناما لیکس کی تحقیقات اور حکومت کی جانب سے ٹی او آرز پر متفق نہ ہونے پر اسلام آباد میں دھرنا دینے کا اعلان کیا گیا ہے جس کے لیے عمران خان نے ایک خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔