کیلی فورنیا: امریکی ریاست کیلی فورنیا میں فائر فائٹر حکام نے تاروں کے درمیان پھنسے پیراشوٹر کو بحفاظت ریسکیو کرلیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق کیلی فورنیا کے فائر فائٹر محکمے کو اطلاع ملی کہ ایک پیراشوٹر زمین پر اترنے کی سمت کا تعین نہ کرسکا اور بجلی کے تاروں میں پھنس گیا ہے۔
فائر ڈیپارنمنٹ کے حکام نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع مقامی وقت کے مطابق گیارہ بجے دی گئی، اطلاع ملتے ہی ٹیموں کو فوری روانہ کیا گیا، متاثرہ مقام پر پہنچے تو ایک پیراشوٹر زمین سے تیس فٹ کی بلندی پر بجلی کے تاروں کے درمیان پھنسا ہوا تھا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق فائر فائٹر حکام نے پیراشوٹر کو ریسکیو کرنے کے لئے سب سے پہلے مقامی علاقے میں بجلی کے نظام کو معطل کیا تاکہ اسے بحفاظت زمین پر لایا جاسکے، بعد ازاں فائر فائٹر کی جدوجہد رنگ لائی اور پیراشوٹر کو بحفاظت ریسکیو کیا گیا۔
ریسکیو کرنے کے بعد متاثرہ شخص کو جسے معمولی زخم آئے تھے، طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا۔
حکام کے مطابق واقعہ مقامی اسکائی ڈرائیونگ سینٹر کے قریب رونما ہوا مگر یہ تعین نہ کیا جاسکا کہ پیراشوٹر نے اسی جگہ سے اپنے سفر کا آغاز کیا تھا۔