اسلام آباد: ب فارم بنوانے والے والدین کے لیے بڑی خوشخبری آگئی ،اب گھر بیٹھے ہی ب فارم کے لیے درخواست دے سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ب فارم کے حصول کو آسان بنانے کے لیے نئے ضوابط جاری کر دیے ہیں۔
اب والدین نادرا دفاتر کے چکر لگانے کے بجائے ‘پاک آئی ڈی’ موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے گھر بیٹھے ہی ب فارم کے لیے درخواست دے سکیں گے۔
نادرا کے نئے قوانین کے مطابق، 3 سال تک کی عمر کے بچوں کے لیے ب فارم پر تصویر کی ضرورت نہیں ہوگی۔ تاہم، اگر بچے کی عمر 3 سال سے زائد ہو جائے تو ب فارم بنوانے کے لیے تصویر فراہم کرنا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
NADRA- All Updates
نادرا نے واضح کیا ہے کہ 10 سے 18 سال کی عمر کے درمیان بچوں کے لیے تصویر کے ساتھ ساتھ فنگر پرنٹس (انگلیوں کے نشانات) اور ‘آئرس’ (آنکھوں کے اسکین) کے ذریعے بائیومیٹرک تصدیق کرانا بھی ضروری ہوگا۔
اس کے علاوہ نادرا نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے شناختی کارڈ کی میعاد ختم ہونے سے پہلے ہی اس کی تجدید (Renewal) کروا لیں۔
اس نئے اقدام کا مقصد والدین کو سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ نادرا سینٹر جانے کے روایتی طریقے کے ساتھ ساتھ جدید موبائل ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے اپنا وقت بچا سکیں۔


