منگل, مارچ 17, 2026
اشتہار

بھاگم بھاگ 2 میں پریش راول کا کردار کیسا ہوگا؟ اداکار نے بتا دیا

اشتہار

حیرت انگیز

ممبئی (10 فروری 2026): بالی وڈ کے تجربہ کار اداکار پریش راول نے اکشے کمار کی آئندہ آنے والی فلم ’بھاگم بھاگ 2‘ میں اپنے کردار کے بارے میں بتا دیا۔

پریش راول بالی وڈ کے تجربہ کار اداکاروں میں سے ایک ہیں جو ہر طرح کے کرداروں خواہ وہ مزاحیہ ہوں، منفی ہوں یا جذباتی نہایت مہارت سے نبھاتے ہیں۔

ان کی مزاحیہ اداکاری لاجواب ہے جو ان کی کئی ایسی فلموں سے ثابت ہوتی ہے جنہیں آج بھی بڑے شوق سے یاد کیا جاتا ہے۔ ان میں سے ایک ’بھاگم بھاگ‘ ہے جو 2006 میں ریلیز ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: پریش راول نے ’ہیرا پھیری 3‘ کے منتظر مداحوں کو بڑی خوشخبری سنا دی

مداح یہ جان کر بے حد خوش ہیں کہ پریش راول کو بھاگم بھاگ کے سیکوئل میں بھی دیکھا جا سکے گا۔ اس بے صبری سے انتظار کی جانے والی فلم میں وہ ڈبل رول میں نظر آئیں گے۔

جب تجربہ کار اداکار سے پوچھا گیا کہ کیا وہ بھاگم بھاگ 2 میں ڈبل رول کر رہے ہیں تو انہوں نے جواب دیا ’جی ہاں، میں کر رہا ہوں۔ میں بہت پُرجوش ہوں۔ مزہ آئے گا‘۔

ان کے علاوہ سیکوئل میں اکشے کمار اور منوج باجپائی بھی شامل ہیں۔ یہ فلم میناکشی چوہدری کی ہندی سینما میں پہلی فلم ہوگی، ان کی دوسری ہندی فلم اپ اسٹارٹس 2019 میں براہ راست نیٹ فلکس پر ریلیز ہوئی تھی۔

اگرچہ 2006 کی اصل فلم کی ہدایت کاری پریہ درشن نے کی تھی تاہم بھاگم بھاگ 2 کی ہدایات راج شانڈلیہ کریں گے۔

واضح رہے کہ 2026 اور 2027 میں پریش راول کئی مزاحیہ فلموں میں نظر آئیں گے۔ 10 اپریل کو وہ ہارر کامیڈی فلم بھوت بنگلہ میں دکھائی دیں گے جبکہ 26 جون کو ان کی ایک اور منتظر فلم ویلکم ٹو دی جنگل ریلیز ہوگی۔

2027 میں بھاگم بھاگ 2 کے ساتھ ساتھ ہیرا پھیری 3 بھی پیش کی جائے گی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان تمام فلموں میں اکشے کمار بھی ان کے ساتھ جلوہ گر ہوں گے۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں