ممبئی (16 ستمبر 2025): بالی وڈ کے تجربہ کار اداکار پریش راول نے کامیڈی سے بھرپور فلم ’ہیرا پھیری 3‘ کے منتظر مداحوں کو بڑی خوشخبری سنا دی۔
پریش راول نے اُس وقت سب کو حیران کر دیا تھا جب انہوں نے ’ہیرا پھیری‘ فرنچائز سے اچانک علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کیا تھا۔
’ہیرا پھیری 3‘ پر کام جاری تھا اور ایسے میں پریش راول کے فلمسازوں کے ساتھ کچھ اختلافات پیدا ہوگئے تھے۔ اس کے بعد انہوں نے اعلان کیا کہ وہ اب اس پروجیکٹ کا حصہ نہیں ہیں۔
فلم ڈائریکٹر پریادرشن نے واضح کیا تھا کہ پریش راول نے مجھے، اکشے کمار اور سنیل شیٹی کو اس بارے میں کچھ نہیں بتایا۔ بعدازاں اکشے کمار کے پروڈکشن ہاؤس نے ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا تھا۔
حالیہ انٹرویو میں پریش راول نے تصدیق کی کہ فلم کی شوٹنگ اگلے سال شروع ہوگی۔
تجربہ کار اداکار نے بتایا کہ فلم پر کام جاری ہے اور ہم اگلے سال فروری یا مارچ میں شوٹنگ شروع کریں گے، میری فلم چھوڑنے کی وجہ جائز تھی لیکن اب سب کچھ ٹھیک ہے۔
انٹرویو میں جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا اس پورے واقعے نے ڈائریکٹر پریادرشن کے ساتھ ان کے تعلقات پر اثر ڈالا تو ان کا کہنا تھا کہ بہت کچھ ہوا لیکن اس سے میرا پریادرشن کے ساتھ رشتہ خراب نہیں ہوا، ایسے رشتے خراب نہیں ہوتے درحقیقت جو کچھ ہوا اس سے ہمارا رشتہ مزید مضبوط ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سب کے ذریعے ہم اب ایک دوسرے کو زیادہ بہتر اور واضح طور پر جانتے ہیں، پرانے زخم بھر گئے ہیں ہمارا رشتہ بہت شفاف ہے۔
ہیرا پھیری میں پریش راول کا کردار ’بابوراؤ گنپت راؤ آپٹے‘ سب سے زیادہ پسند کیا گیا اور جب انہوں نے فرنچائز سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا تو مداح مایوس ہوگئے تھے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


