پیر, دسمبر 9, 2024
اشتہار

پیرس اولمپکس: تمغوں کی دوڑ میں چین نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا

اشتہار

حیرت انگیز

پیرس اولمپکس کے چھٹے روز تمغوں کی دوڑ میں چین نے جاپان کی حکمرانی ختم کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔

دنیا میں کھیلوں کے سب سے بڑے ایونٹ پیرس اولمپکس 2024 میں چھٹے روز چین نے 9 طلائی تمغوں کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کر لی کب کہ میزبان فرانس کی دوسری اور جاپان کی تیسری پوزیشن ہے۔ چین کے سوئمر پین زینلے نے سوئمنگ میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔

سوئمنگ کے مینز سو میٹر فری اسٹائل فائنل میں چین کے پین زینلے نے نئے عالمی ریکارڈ کے ساتھ طلائی تمغہ حاصل کیا، سابقہ ریکارڈ بھی پین زینلے کا تھا۔ میزبان فرانس نے سوئمنگ کے مینز دو سو میٹر بریسٹ اسٹروک میں سونے کا تمغہ جیتا۔

- Advertisement -

پیرس اولمپکس میں ویمنز ٹرائی تھلون کا گولڈ میڈل میزبان فرانس کے نام رہا۔ مَردوں کے ایونٹ میں برطانیہ کے ایلکس نے سونے کا جب کہ نیوزی لینڈ کے کھلاڑی نے چاندی کا تمغہ جیتا۔

شمشیر زنی کے ویمنز ٹیم مقابلے میں اٹلی نے دھاک بٹھائی تو جمناسٹک کے ویمنز ٹیم ایونٹ میں امریکا نے بازی ماری۔ ویمنز رگبی کا طلائی تمغہ نیوزی لینڈ نے اپنے نام کیا۔

ڈائیونگ میں وویمن سنکرونائزڈ ٹین میٹر پلیٹ فارم کا گولڈ میڈل چین نے اپنے نام کیا۔ روئنگ میں مینز کواڈریپل اسکلز فائنل میں سونے کا تمغہ نیدرلینڈز نے جیتا۔

روئنگ کے ہی ویمن کواڈ ریپل اسکلز فائنل میں طلائی تمغہ برطانیہ کے ہاتھ آیا۔ بی ایم ایکس فری اسٹائل سائیکلنگ کے ویمن پارک فائنل میں چینی سائیکلسٹ گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب رہیں۔

اسی ایونٹ کے مینز فائنل میں ارجنٹینا نے گولڈ میڈل جیتا جو پیرس اولمپکس میں اُس کا پہلا سونے کا تمغہ بھی بنا۔ گوئٹے مالا نے پہلا گولڈ میڈل شوٹنگ کے ویمن ٹریپ فائنل میں حاصل کیا۔

جوڈو کے وویمن 70 کلو گرام فائنل میں کروشیا کی باربرا میٹک نے سونے کا تمغہ جیت لیا جب کہ جوڈو کی مینز 90 کلو گرام کیٹیگری جارجیا کے لیشا بیکا یوری نے گولڈ میڈل جیت لیا۔

ویمن کینونگ سیلالوم کے سنگلز کے فائنل میں آسٹریلیا کی جیسیکا فوکس نے گولڈ میڈل جیتا، یہ جیسیکا کا پیرس اولمپکس میں دوسرا سونے کا تمغہ ہے، اس سے قبل اُنہوں نے کینوئنگ سیلالوم کی کے ون کلاس میں گولڈ جیتا تھا۔

آرٹسٹک جمناسٹک کے مینز آل راؤنڈ فائنل میں جاپان کے اوکا شینو سوکے نے اپنے ملک کے لیے گولڈ میڈل جیتا۔

سوئمنگ کے ویمن سو میٹر فری اسٹائل فائنل میں سوئیڈن کی سارہ سوئسٹروم نے گولڈ میڈل جیت لیا۔ مینز دو سو میٹر بٹر فلائی میں فرانس کے لیون مرچنڈ نے سونے کا تمغہ جیتا۔

سوئمنگ کے وویمن پندرہ سو میٹر فری اسٹائل میں امریکا کی کیٹی لیڈسکی نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔

فٹبال مقابلوں میں مصر نے اسپین کو اپ سیٹ شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔

پیرس اولمپکس میں چین 9 گولڈ سمیت 17 تمغوں کے ساتھ سر فہرست جب کہ فرانس 8 گولڈ سمیت 24 مجموعی میڈلز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ جاپان جو گیمز کے ابتدائی چار روز تک سر فہرست رہا اب 8 گولڈ سمیت 15 مجموعی تمغوں کے ساتھ تیسری پوزیشن پر آ گیا ہے۔

آسٹریلیا 7 گولڈ اور کُل 14 تمغوں کے ساتھ چوتھے، برطانیہ 6 گولڈ اور کُل 17 تمغوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔ جنوبی کوریا 5 گولڈ اور کُل 11 تمغوں کے ساتھ چھٹے، امریکا 4 گولڈ اور کُل 29 تمغوں کے ساتھ ساتویں، اٹلی 3 گولڈ اور کُل 13 تمغوں کے ساتھ آٹھویں نمبر پر ہے۔

کینیڈا 2 گولڈ اور کُل سات تمغوں کے ساتھ نویں جبکہ جرمنی 2 گولڈ اور کُل 5 تمغوں کے ساتھ دسویں نمبر پر ہے۔

پیرس اولمپکس کے مقابلے اے اسپورٹس اور اے آر وائی زیپ پر براہ راست دکھائے جا رہے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں