(24 ستمبر 2025) مٹھو میاں کے نام سے بھی مشہور طوطا خوبصورت پرندہ ہے جس کو لوگ گھروں میں شوق سے پالتے ہیں تاہم اب یہ اتنا آسان نہیں ہوگا۔
طوطا خوبصورت پالتو پرندہ ہے یہ بالخصوص انسانی آوازوں کی ہوبہو نقل اتارنے کی وجہ سے ہر عمر کے افراد کے دل کو لبھاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے لوگوں کی بڑی تعداد انہیں گھروں میں پالتی اور انسانی الفاظ بولنے کی تربیت دیتی ہے۔
تاہم اب طوطے پالنا آسان نہیں ہوگا کیونکہ حکومت نے ایسا قدغن لگایا ہے کہ اب اگر کوئی میٹھی بولی والے اس پرندے کو پالنا چاہے تو پہلے حکومت سے لائسنس لینا ہوگا۔
جی ہاں آپ بالکل درست سن رہے ہیں کہ اب طوطے گھروں میں پالنے کے لیے باضابطہ لائسنس لینا ہوگا۔ اس سلسلے میں حکومت پنجاب نے اہم قانون متعارف کرا دیا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ حکومت پنجاب کے محکمہ وائلڈ لائف نے یہ فیصلہ مقامی طوطوں کی بقا، ان کے غیر قانونی شکار اور تجارت روکنے کے لیے کیا ہے اور طوطے پالنے کے خواہشمند افراد کو باقاعدہ رجسٹریشن فیس ادا کرنا لازمی ہوگی۔ اس کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔
محکمہ وائلڈ لائف پنجاب نے چار اقسام کے طوطوں پر ایک ہزار روپے رجسٹریشن فیس مقرر کی ہے۔ یہ طوطے الیگزینڈرائن، رنگ روز، سلیٹی اور پلم ہیڈڈ ہیں۔ جن افراد نے پہلے سے طوطے پالے ہوئے ہیں، انہیں بھی لائسنس کے لیے رجسٹریشن کرانا ہوگی۔
محکمہ وائلڈ لائف کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے بنائے گئے قانون میں مزید پالیسیوں پر کام جاری ہے۔ رجسٹریشن کا فائدہ یہ ہوگا کہ اس سے معدوم ہوتے پرندوں کی تعداد معلوم ہوگی اور ان کو محفوظ کرنے کے لیے اقدامات اٹھانا آسان ہوگا۔


